بنگلورو، 21 اکتوبر (یواین آئی ) آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے سیمی فائنل میں اپنی جگہیں پکی کر لی ہیں اور چوتھے اور آخری مقام کی دوڑ اب ہندوستان اور نیوزی لینڈ تک محدود ہو گئی ہے، دونوں ٹیموں کے دو لیگ میچ باقی ہیں۔آسٹریلیا کی خواتین ٹیم (9 پوائنٹس، نیٹ رن ریٹ 1.818)، انگلینڈ کی خواتین ٹیم (9 پوائنٹس، نیٹ رن ریٹ 1.490) اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم (8 پوائنٹس، نیٹ رن ریٹ -0.440) پہلے ہی ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی پوزیشن محفوظ کر چکی ہیں۔ ہندوستان، 4 پوائنٹس اور 0.526 کے اچھے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ ٹیبل میں چوتھے نمبر پر ہے، اگر وہ 23 اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور 26 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف اپنے بقیہ میچ جیت لیتا ہے تو سیمی فائنل میں جگہ حاصل کرنے کے کاچانس بن جائے گا۔نیوزی لینڈ، جس کے بھی 4 پوائنٹس ہیں لیکن نیٹ رن ریٹ (-0.245) کم ہے، کو اس سے بھی زیادہ مشکل راستے کا سامنا ہے۔ اسے ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے ہندوستان اور انگلینڈ دونوں کو شکست دینا ہوگی، اور اس کی اہلیت کا انحصار نیٹ رن ریٹ پر بھی ہوسکتا ہے۔سری لنکا، چھ میچوں میں 4 پوائنٹس ہونے کے باوجود، اس کے کم نیٹ رن ریٹ (-1.035) کی وجہ سے تقریباً ختم ہو چکا ہے اور صرف ایک میچ باقی ہے۔ بنگلہ دیش اور پاکستان دو دو پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ اب تک ناقابل شکست ہیں جبکہ جنوبی افریقہ نے انگلینڈ سے ابتدائی شکست کے بعد زبردست واپسی کی ہے۔ لیگ مرحلے کا اختتام 26 اکتوبر کو ہوگا جس کے بعد ٹاپ فور ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گی۔
