ہومSportsلارا نے کہا کہ مجھے ان کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کرنی...

لارا نے کہا کہ مجھے ان کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کرنی چاہیے تھی : مولڈر

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

بلاوایو، 11 جولائی (یو این آئی) جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ویان مولڈر نے کہا ہے کہ برائن لارا نے ان سے کہا تھا کہ انہیں ٹیسٹ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کرنی چاہیے تھی ۔ بلاوایو میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں مولڈر نے لنچ بریک کے دوران اننگز ڈکلیئر کر دی ۔ اس وقت وہ 367 رن پر ناٹ آؤٹ تھے۔اس فیصلے سے مولڈر 2004 میں انٹیگا میں انگلینڈ کے خلاف لارا کے 400 ناٹ آؤٹ رن کے ریکارڈ سے محض 33 رن دور رہ گئے۔اننگز ڈکلیئر کرنے کے بعد مولڈر نے کہا تھا کہ لارا کا ریکارڈ لارا کے نام ہی رہنا چاہیے لیکن بعد میں انہوں نے انکشاف کیا کہ لارا اس معاملے پر مختلف رائے رکھتے ہیں۔مولڈر نے سپر اسپورٹ کو بتایا ’’اب چیزیں پہلے کے مقابلے بہتر ہوئی ہیں۔ میں نے برائن لارا سے بھی بات کی ہے۔ انہوں نے مجھے بتایا کہ میں اپنی میراث بنا رہا ہوں اور مجھے ریکارڈ توڑنے کی کوشش کرنی چاہیے تھی ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ ٹوٹنے کے لیے ہوتے ہیں اور امید ظاہر کی کہ میں دوبارہ اس پوزیشن میں آؤں گا کے ریکارڈ توڑ سکوں۔ یہ ان کی طرف سے ایک دلچسپ تبصرہ تھا لیکن مجھے پھر بھی لگتا ہے کہ میں نے صحیح کام کیا کیونکہ میرے لیے کھیل کا احترام کرنا سب سے زیادہ اہم ہے۔مولڈر کا 367 کا ناٹ آؤٹ اسکور جنوبی افریقہ کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے اور مجموعی طور پر ٹیسٹ میں پانچواں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ مولڈر نے کہا تھا کہ جنوبی افریقہ کے ہیڈ کوچ شکری کونراڈ نے ان سے کہا تھا کہ بہتر ہوگا کہ عظیم کھلاڑیوں کے ریکارڈز کو عظیم کھلاڑیوں کے نام ہی رہنے دیا جائے۔ جنوبی افریقہ نے یہ ٹیسٹ تین دن کے اندر ایک اننگز اور 236 رنز سے جیت لیا۔اس ہفتے کے شروع میں، کرس گیل نے ٹاک اسپورٹس کو بتایا تھا کہ مولڈر شاید گھبرا گئے ہوں گے اور انہوں نے ریکارڈ توڑنے کی کوشش نہ کر کے غلطی کی ہے کیونکہ ایسے مواقع زندگی میں ایک بار آتے ہیں۔
گیل نے کہا تھا ’’اگر مجھے 400 تک پہنچنے کا موقع ملتا تو میں یہ کوشش ضرورکرتا۔ ایسا عام طور پر نہیں ہوتا، آپ کو پتہ نہیں ہوتا کہ آپ کو ٹرپل سنچری بنانے کا موقع کب ملے گا اور جب آپ کو ایسا موقع ملے تو آپ کو اس سے فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کرنی چاہیے۔ اگر آپ عظیم کھلاڑی بننا چاہتے ہیں تو آپ کیسے بنیں گے؟ عظیم کھلاڑیوں کے پاس ریکارڈ بھی ہوتے ہیں۔‘‘

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version