نئی دہلی، 11 اکتوبر (یو این آئی) کپتان شبھمن گل (ناٹ آؤٹ 129) کی بہترین سنچری سے ہندوستان نے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن ہفتہ کو پانچ وکٹ پر 518 رن بنا کر اپنی اننگز ڈکلیئر کردی اور بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجہ نے تین وکٹ حاصل کرکے ویسٹ انڈیز پر دباؤ بنا دیا ہے ۔ ویسٹ انڈیز ابھی بھی ہندوستان کے اسکور سے 378 رن پیچھے ہے۔ایک اور دن ہندوستانی کھلاڑیوں کے نام رہا۔ ویسٹ انڈیز نے احمد آباد کے مقابلے میں زیادہ صبر اور عزم کا مظاہرہ کیا، لیکن پھر بھی تال میل میں کچھ کمی دیکھی گئی، جس کا انہیں اس سیریز میں بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ہندوستان نے آج پانچ وکٹ پر 518 رن بنا کر اننگز کا اعلان کرنے سے پہلے ٹھیک 200 رن اور جوڑے — یشسوی جیسوال کے 175 اور شبھمن گل کے ناٹ آوٹ 129 رنوں کی بدولت ٹیم نے بڑا اسکور بنایا۔جان کیمبل عجیب و غریب طریقے سے آؤٹ ہوئے، لیکن نارائن چندرپال اور ایلِک ایتھنیز نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور دوسرے وکٹ کے لیے 66 رنوں کی شراکت داری کی۔ لیکن جیسا کہ اکثر ہوتا آیا ہے، ایک غلطی کے باعث چندرپال آؤٹ ہو گئے اور مہمان ٹیم کا اسکور 87/1 سے 107/4 ہو گیا۔ شائی ہوپ کافی مثبت نظر آئے اور ٹیون اِملاک نے اعتماد کے ساتھ بلے بازی کی۔ وکٹ پر ابھی بھی رن بن رہے ہیں اور انہیں کل اچھی بلے بازی کی امید ہوگی۔ہندوستان کے اننگز کا اعلان کرنے کے بعد جب ویسٹ انڈیز نے کھیلنا شروع کیا تو اسے پہلا جھٹکا جلد ہی لگا۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر جڈیجہ نے جان کیمبل کو آؤٹ کر دیا۔ کیمبل نے 10 رن بنائے اور ونڈیز کا پہلا وکٹ 21 کے اسکور پر گرا۔نارائن چندرپال اور ایلِک ایتھنیز نے دوسرے وکٹ کے لیے 66 رن کی شراکت داری کی۔ لیکن جڈیجہ نے چندرپال کو کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ کرا کر اس شراکت کو توڑا۔ چندرپال نے 67 گیندوں میں 34 رن بنائے۔ کلدیپ یادو نے کچھ دیر بعد ایلِک ایتھنیز کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ ایتھنیز نے 84 گیندوں پر 41 رن بنائے۔ جڈیجہ نے ویسٹ انڈیز کے کپتان روستن چیز کو کھاتہ کھولنے کا موقع دیے بغیر اپنی ہی گیند پر خود کیچ کر لیا۔شائی ہوپ نے اس کے بعد احتیاط کے ساتھ کھیلتے ہوئے ناٹ آؤٹ 31 رن بنا کر اننگز کو آگے بڑھایا ۔ ان کے ساتھ دوسرے سرے پر ٹیون اِملک 14 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے جڈیجہ نے 37 رن دے کر تین وکٹ حاصل کیے، جبکہ کلدیپ نے 45 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔اس سے پہلے ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز پانچ وکٹ پر 518 کے بڑے اسکور پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ لنچ کے بعد شبھمن گل نے سنچری بنا کر تیزی سے رن بنانا شروع کیا۔ اسی دوران 135ویں اوور کی دوسری گیند پر روستن چیز نے دھروو جُریل کو بولڈ کر کے ہندوستان کو پانچواں جھٹکا دیا اور اسی کے ساتھ ہندوستان نے 518 رن کے اسکور پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ شبھمن گل نے 196 گیندوں میں 16 چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 129 رن بنائے۔
