راولپنڈی ۔28 نومبر(یو این آئی )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز اور سابق کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ کرکٹ میں اچھا وقت بہت مختصر ہوتا ہے اور کھلاڑی کو اسی مختصر لمحے کو بھرپور انداز میں جینا چاہیے۔سابق انگلش کپتان کیون پیٹرسن کے یوٹیوب چینل پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر اور سابق کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی ہمیشہ ان کا خواب رہا ہے اور وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ آج یہ خواب حقیقت بن چکا ہے۔انٹرویو کے دوران کیون پیٹرسن نے مزاحیہ انداز میں پوچھا کہ چونکہ اے بی ڈی ویلیئرز آپ کے پسندیدہ بیٹر ہیں تو میں اس فہرست میں کس نمبر پر ہوں، دوسرے یا تیسرے؟ بابر اعظم نے ہنستے ہوئے جواب دیا، ’’نہیں، آپ چھٹے یا شاید ساتویں نمبر پر ہوں گے‘‘، جس پر دونوں کھلاڑی کھل کر ہنس پڑے۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میدان میں جب شائقین اُن کا نام لے کر پکاریں تو وہ احساس الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، ایسی صورتحال ایک بالکل منفرد اور مختلف احساس جنم دیتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کا سب سے بڑا ہدف پاکستان کے لیے بڑے مقابلوں میں ٹرافی جیتنا ہے اور اسی مقصد کے ساتھ وہ مسلسل محنت کر رہے ہیں تاکہ ملک کو عالمی سطح پر مزید فتوحات دلا سکیں۔اپنی بیٹنگ کے حوالے سے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ انہیں کھیلنا بے حد پسند ہے اور ہر بیٹر کی طرح وہ بھی کبھی کبھی ناکام ہو جاتے ہیں، مگر اصل اہمیت اپنی توجہ برقرار رکھنے کی ہوتی ہے۔بابر اعظم نے کہا کہ جب آپ فارم میں ہوں تو وہ وقت بہت جلدی گزر جاتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اس مختصر مدت کو بھرپور محنت اور یکسوئی کے ساتھ استعمال کیا جائے۔
