کولکتہ، 19 اگست (یو این آئی) 134 ویں انڈین آئل ڈیورنڈ کپ کا سیمی فائنل مرحلہ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہو چکا ہے، جہاں ایک بدلی ہوئی اور پراعتماد ایسٹ بنگال ٹیم بدھ کو سیمی فائنل میں ٹورنامنٹ کی ڈیبیو کرنے والی ڈائمنڈ ہاربر ایف سی سے مقابلہ کرے گی۔ایسٹ بنگال نے کوارٹر فائنل میں روایتی حریف موہن بگان کو 2-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، جب کہ ڈائمنڈ ہاربر ایف سی نے آئی ایس ایل کلب جمشید پور ایف سی کو 2-0 سے شکست دے کر سب کو حیران کردیا۔ہیڈ کوچ آسکر بروزن کی قیادت میں ایسٹ بنگال نے حالیہ برسوں کی کمزوریوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ کوچ بننے کے بعد پہلی بار انہوں نے موہن بگان کے خلاف ڈربی جیت درج کی جس کی وجہ سے ٹیم کا اعتماد اپنے عروج پر ہے۔بروزن نے میچ سے پہلے کہا، ڈائمنڈ ہاربر ایک نڈر ٹیم ہے۔ انھوں نے پورے ٹورنامنٹ میں لڑنے کے جذبے کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایسی ٹیموں کو ہلکے میں لینا مشکل ہے۔ ہم نے ڈربی میں اچھا مظاہرہ کیا، لیکن یہ اب تاریخ ہے۔ ایسٹ بنگال نے گروپ مرحلے میں ساؤتھ یونائیٹڈ ایف سی کو 5-0، نامدھاری ایف سی کو 1-0 اور انڈین ایئر فورس کو 6-1 سے شکست دے کر شاندار آغاز کیا۔ موہن بگان کے خلاف ڈربی میں ڈیمیٹرییوذ ڈیمانٹ کوز دو گول کر کے ہیرو بن گئے اور ٹیم کو 18 ماہ میں پہلی ڈربی جیت دلائی۔ ڈیورنڈ کپ ڈائمنڈ ہاربر ایف سی کے لیے ایک خواب جیسا رہا ہے۔ پہلے میچ میں انہوں نے محمڈن ایس سی کو 2-1 سے شکست دی، پھر بی ایس ایف کے خلاف 8-1 سے زبردست جیت درج کی۔ حالانکہ وہ موہن بگان سے 1-5 سے ہار گئے،ایسٹ بنگال کی طاقت ان کے تجربہ کار کھلاڑیوں میں ہے – گول کیپر پربھسوکھن گل، ڈیفینڈر کیون سیبیلے، مڈفیلڈر میگوئل فیگیرا، اور فارورڈ دیامانتاکوس، جن کی سیمی فائنل میں کارکردگی اہم ہوگی۔یہ میچ 16 بار کے ڈیورنڈ چیمپئن ایسٹ بنگال اور پہلی بار کھیل رہی لیکن پراعتماد ڈائمنڈ ہاربر ایف سی کے درمیان ہے۔ یہ تجربہ بمقابلہ جذبہ – تاریخ بمقابلہ ہمت کی جنگ ہے۔ کیا ایسٹ بنگال اپنی ٹرافی کیبنٹ میں ایک اور ڈیورنڈ کپ کا اضافہ کرے گا، یا ڈائمنڈ ہاربر تاریخ رقم کرے گا؟
