جے ایس کے کو شکست دے کر پلے آف میں جگہ بنالی
گیکےبرہا، 15 جنوری (یو این آئی) سن رائزرس ایسٹرن کیپ نے بدھ کی شام سینٹ جارجز پارک میں جوبرگ سپر کنگز کو 63 رنز سے شکست دے کر بونس پوائنٹ کے ساتھ شاندار فتح حاصل کی اور ایس اے20 سیزن 4 کے پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔اس جیت کے ساتھ سن رائزرس 24 پوائنٹس کے ساتھ دوبارہ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست پہنچ گئے جبکہ جوبرگ سپر کنگز 17 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ اس نتیجے سے ڈربن سپر جائنٹس کی پلے آف کی امیدیں بھی برقرار رہیں، جنہیں ہفتہ کے روز کنگزمیڈ میں پارل رائلز کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلنا ہے۔سن رائزرس کے ڈیبیو کھلاڑی جیمز کولس نے بلے بازی میں ناقابلِ شکست 61 رنز (34 گیندیں، 10 چوکے) کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس کے بعد 21 سالہ کھلاڑی نے گیند سے بھی کمال دکھاتے ہوئے چار اوورز میں 34 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی اور ’دی اورنج آرمی‘ کے سامنے اپنے پہلے ہی میچ کو یادگار بنا دیا۔گھریلو ٹیم نے چوٹ کے باعث مستقل کپتان فاف ڈو پلیسی کے بغیر کھیل رہی جوبرگ سپر کنگز پر مسلسل دباؤ بنائے رکھا۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر سینورن مُتھوسامی نے بھی کلاسک بولنگ کرتے ہوئے 3/26 کے شاندار اعداد و شمار درج کیے۔سن رائزرس کی اسپن جوڑی نے سپر کنگز کی ابتدائی چھ وکٹیں جھٹک لیں۔ ان میں سے ایک وکٹ شاندار رن آؤٹ کی صورت میں گری، جس میں جیمز کولس کا بھی اہم کردار رہا۔جوبرگ سپر کنگز کو جیت کے لیے 179 رنز کا مشکل ہدف ملا تھا۔ یہی اسکور چند دن قبل اسی میدان پر ڈربن سپر جائنٹس نے حاصل کر لیا تھا۔ تاہم، جیمز وِنس (23 گیندوں میں 30 رنز) اور ریوالڈو مون سامی کے درمیان 3.3 اوورز میں 31 رنز کی تیز ابتدائی شراکت کے سوا مہمان ٹیم کبھی بھی مطلوبہ رن ریٹ برقرار نہ رکھ سکی۔کولس اور مُتھوسامی نے رن ریٹ پر شکنجہ کس دیا اور باقاعدہ وقفوں سے وکٹیں گرتی رہیں۔ نتیجتاً رن ریٹ 10 رنز فی اوور سے اوپر چلا گیا، جو نسبتاً ناتجربہ کار جے ایس کے مڈل آرڈر کے لیے بہت زیادہ ثابت ہوا۔
تیز گیند باز ایڈم ملن (1/10)، اینرک نورکیا (1/13) اور مارکو یانسن (2/33) نے بھی دباؤ برقرار رکھا۔میچ کے لیے پلیئر آف دی میچ کے چار دعوے دار جیمز کولس، کوئنٹن ڈی کاک، عقیل حسین اور سینورَن مُتھوسامی تھے، جن میں شائقین کے ووٹوں کا 65.9 فیصد حاصل کر کے جیمز کولس کو یہ اعزاز ملا۔اسکور کارڈ: سن رائزرس ایسٹرن کیپ: 20 اوورز میں 178/5، جوبَرگ سپر کنگز: 18.1 اوورز میں 117 آل آؤٹ
