ٹوکیو، 16 نومبر (یواین آئی) دھنوش شری کانت نے جاپان کے ٹوکیو میں جاری 25ویں سمر ڈیفلمپکس میں 10 میٹر ایئر رائفل مقابلے میں قوت سماعت سے محروم کھلاڑی کا عالمی ریکارڈ توڑتے ہوئے نشانہ بازی میں ہندوستان کے لیے پہلا سونے کا تمغہ جیت لیا۔ انہوں نے ڈیفلمپک کوالیفکیشن ریکارڈ بھی توڑ کر فائنل میں جگہ بنائی۔ فائنل میں دھنُش نے 252.2 پوائنٹس حاصل کرکے اپنے ہی عالمی ریکارڈ 251.7 پوائنٹس سے بہتر کارکردگی دکھائی اور سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، جبکہ ان کے ساتھی محمد مرتضیٰ وانیہ نے 250.1 پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔ خواتین نشانہ بازوں نے ایک چاندی اور ایک کانسے کا تمغہ حاصل کرکے مقابلے کے پہلے ہی دن ہندوستان کے لیے کل چار تمغے جیتے۔ خواتین کے 10 میٹر ایئر رائفل فائنل میں، مہت سندھو نے 250.5 پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔ وہ یوکرین کی وائیلیٹا لائکووا سے 1.9 پوائنٹس پیچھے رہیں، جنہوں نے 252.4 پوائنٹس کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔ ہندوستان کی کومل ملند واگھمرے نے 228.3 پوائنٹس کے ساتھ کانسے کا تمغہ حاصل کرکےہندوستانی خواتین کے لیے ڈبل پوڈیم فنش مکمل کیا۔ فائنل میں دھنُش کا اسکور گزشتہ ہفتے آئی ایس ایس ایف ورلڈ چیمپئن شپ میں اسی ایونٹ کے فائنل میں جرمنی کے میکسیمیلیئن ڈی لینگر کے اسکور سے بھی زیادہ تھا۔ جرمن کھلاڑی نے 252.0 پوائنٹس کے ساتھ عالمی چیمپئن شپ جیتی تھی، جو ٹوکیو میں دھنُش کے اسکور سے 0.2 پوائنٹس کم ہے۔اس سے قبل کوالیفکیشن میں دھنُش نے 630.6 پوائنٹس بناکر موجودہ ڈیفلمپک عالمی ریکارڈ 625.1 پوائنٹس کو پیچھے چھوڑ دیا، یہ ریکارڈ جنوبی کوریا کے کم وو رِم نے برازیل کے کیشیا دو سُل میں پچھلے ایڈیشن میں قائم کیا تھا۔ محمد مرتضیٰ نے بھی 626.3 پوائنٹس کے ساتھ موجودہ ریکارڈ کو بہتر کیا۔ فائنل میں دونوں ہندوستانی نشانہ بازوں کے درمیان سخت مقابلہ رہا، لیکن دھنُش کے زیادہ تر ہائی-10 اسکور بنایا اور سونے کا تمغہ جیتا۔ جنوبی کوریا کے سُنگ ہاک بک نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ خواتین کے کوالیفکیشن راؤنڈ میں، کوالیفکیشن عالمی ریکارڈ کے حامل مہت نے 623.4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔
جنوبی کوریا کی ڈین جیونگ نے ڈیفلمپک ریکارڈ توڑتے ہوئے 624.4 پوائنٹس کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا۔کومل ملند واگھمرے 622.0 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔ پسٹل نشانہ باز کل 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں حصہ لیں گے اور تمغوں کا فیصلہ ہوگا۔ ڈیفلمپک تمغہ جیتنے والے ابھینو دیشوال اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی رودر مردوں کے زمرے میں جبکہ ڈیف ورلڈ چیمپئن شپ تمغہ جیتنے والی پرانجلی پرشانت دھومّل اور انویا پرساد خواتین کے زمرے میں حصہ لیں گی۔
