ترواننت پورم، 31 دسمبر (یو این آئی) ہندوستانی آل راؤنڈر دیپتی شرما نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر کا اعزاز حاصل کر لیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ویب سائٹ کے مطابق، 28 سالہ دیپتی شرما نے آسٹریلیا کی میگن شٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 150 وکٹوں کا ہندسہ عبور کیا۔ انہوں نے 14ویں اوور میں نیلاک شیکا سلوا کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے اپنی 152ویں وکٹ حاصل کی۔دیپتی نے اب تک 133 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 19 کی شاندار اوسط سے وکٹیں حاصل کی ہیں، جو مختصر فارمیٹ میں ان کی مستقل مزاجی کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کی یہ تاریخی وکٹ اہم ثابت ہوئی، جس کے بعد ہندوستان نے سیریز کا آخری میچ 15 رنز سے جیت لیا۔بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ کپتان ہرمن پریت کور نے شاندار قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 68 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔؎سیریز جیتنے کے بعد ہرمن پریت کور نے کہا کہ ٹیم کی مسلسل محنت کا صلہ اب مل رہا ہے۔انہوں نے کہا،2025 ہمارے لیے شاندار سال رہا ہے۔ اس سال کی گئی تمام محنت کا ہمیں کریڈٹ ملا ہے۔ اصل بات ان اچھی عادتوں کو برقرار رکھنا ہے۔انہوں نے مزید کہا،“ون ڈے سے ٹی ٹوئنٹی میں منتقلی آسان نہیں تھی، مگر سبھی کھلاڑی پُرجوش تھیں۔ ہم نے اس کے لیے جدوجہد کی اور خوشی ہے کہ سب کچھ بہتر انداز میں سامنے آیا۔آئندہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 (انگلینڈ اور ویلز) کو مدنظر رکھتے ہوئے کپتان نے رفتار برقرار رکھنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا،“اگلے چھ ماہ بہت اہم ہیں۔ ہم مزید محنت اور معیار کو بلند کرنا چاہتے ہیں۔” ہندوستان اگلے سال ہونے والے ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز 14 جون کو پاکستان کے خلاف میچچ سے کرے گا۔
