لندن، 3 اگست (یو این آئی) انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 118 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ہندوستان کو مضبوط پوزیشن میں پہنچانے والے نوجوان اوپننگ بلے باز یشسوی جیسوال نے کہا کہ وہ اپنی اننگز کو مزید طویل کرنا چاہتے تھے لیکن بالآخر وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔جیسوال نے تیسرے دن کے کھیل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اور بہتر کرنا چاہتا تھا، اس سے بڑی اننگز کھیلنا چاہتا تھا۔ اگر ایسا ہوتا تو میں اور کچھ حاصل کر سکتا تھا، لیکن ٹھیک ہے، میں نے اس کے لیے بہت محنت کی تھی اور میں اس کا لطف لے رہا ہوں۔ جب میں بیٹنگ کے لیے جاتا ہوں تو میری یہی کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ دیر تک بیٹنگ کروں اور میں اپنی بیٹنگ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔جیسوال نے اس سیریز میں دو سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے کل 411 رنز بنائے۔ اوول میں ان کی سنچری انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں ان کی چوتھی سنچری بھی ہے۔جیسوال نے بتایا کہ سینئر کھلاڑیوں اور کوچ سے انہیں یہی فیڈبیک ملا تھا کہ وہ مسلسل محنت کرتے رہیں اور خود جیسوال بھی مانتے ہیں کہ کرکٹ میں مستقل مزاجی کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ بے حد ضروری ہے۔جیسوال نے کہا کہ فیڈبیک یہی ہے کہ مسلسل محنت کرتے رہنا ہے جیسا کہ ہم سب کرتے ہیں۔ ہم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور ہر دن کچھ بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ کرکٹ تسلسل کا کھیل ہے، اسی لیے ہم یہ یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں کہ پریکٹس سیشنز میں بھرپور محنت کریں تاکہ جب میدان میں اتریں تو کھیل ہمارے لیے آسان ہو جائے۔ ہمیں پتہ ہے کہ ہم کیسے شاٹس کھیل سکتے ہیں اور میرا خیال ہے کہ کسی ایک چیز کو تسلسل کے ساتھ کرتے رہنا بے حد ضروری ہے۔ یہ جیسوال کا انگلینڈ کا پہلا دورہ بھی تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے انہیں بطور کھلاڑی کافی کچھ سیکھنے کو ملا، جنہیں الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔جیسوال نے کہا کہ سب سے ضروری بات یہ ہے کہ میں حالات کا کیسے مقابلہ کرتا ہوں۔ میری سوچ یہی ہوتی ہے کہ جیسے بھی حالات ہوں ان کا سامنا کروں اور کھیل سے لطف اندوز ہوں۔ میں خود کو یہی سمجھاتا ہوں کہ آخر میں یہ ایک کھیل ہے اور اس سے لطف اندوز ہونا ضروری ہے۔ اس دورے سے میں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔ میں ہر چیز نہیں بتا سکتا لیکن ذہنی، جسمانی اور جذباتی طور پر اس سیریز میں میں نے کافی کچھ سیکھا ہے۔ جس طرح سے میں نے اور پوری ٹیم نے پچھلے دو مہینے محنت کی ہے اور انگلینڈ سیریز سے لطف لیا ہے، وہ قابلِ تعریف ہے۔ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے ساتھ ہونے والی بات چیت بھی جیسوال کے لیے کافی کارآمد رہی اور بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے کہا کہ گمبھیر نے نیٹس پران کے ساتھ کافی محنت کی تھی۔
