ہندوستان نے انگلینڈ کو 387 رن پر روکا
لندن، 11 جولائی (یواین آئی)جسپریت بمراہ (74 رنز کے عوض 5 وکٹ)، محمد سراج اور نیتیش کمار ریڈی (دو، دو وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت ہندوستان نے جمعہ کے روز تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن چائے کے وقفے سے پہلے انگلینڈ کو 387 رنز پرسمیٹ دیا۔کل کے اسکور چار وکٹ پر 251 رنز سے آگے کھیلنے اتری انگلینڈ کی ٹیم آج صبح کے سیشن میں بمراہ کی خطرناک گیندبازی کا شکار ہو گئی۔کپتان بین اسٹوکس نے اپنی اننگز میں صرف 5 رنز کا اضافہ ہی کیا تھا کہ بمراہ نے انہیں بولڈ کر کے ہندوستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔ بین اسٹوکس نے 110 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔اسی دوران جو روٹ نے چوکا لگا کر اپنی ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔ یہ جو روٹ کے 156 ٹیسٹ میچز کے کیریئر کی 37ویں اور ہندوستان کے خلاف 11ویں ٹیسٹ سنچری تھی۔سنچری مکمل کرنے کے بعد بمراہ نے انہیں بھی بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔جو روٹ نے 199 گیندوں پر 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔کریس ووکس (صفر) کو بھی بمراہ نے آؤٹ کیا۔لنچ تک انگلینڈ نے سات وکٹ پر 353 رنز بنا لیے تھے۔لنچ کے بعد محمد سراج نے جیمی اسمتھ (51) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو اہم آٹھویں کامیابی دلائی۔اس کے بعد جوفرا آرچر (چار) کو بمراہ نے بولڈ کر کے اپنا پانچواں اورہندوستان کے لیے نواں وکٹ حاصل کیا۔113ویں اوور کی تیسری گیند پر محمد سراج نے برائیڈن کارس (56) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کی پہلی اننگز کو 387 رنز پر سمیٹ دیا۔بمراہ نے شاندار گیندبازی کی اور محمد سراج نے ان کا خوب ساتھ دیا۔حالانکہ جیمی اسمتھ اور برائیڈن کارس کے درمیان جو شراکت داری ہوئی، اس سے ہندوستانی ٹیم ضرور مایوس ہوئی، اسی لیے انگلینڈ کی ٹیم 400 کے قریب پہنچ گئی۔ہندوستان کی طرف سے جسپریت بمراہ نے 74 رنز کے عوض 5 وکٹ حاصل کیے۔انہوں نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی پانچ وکٹ لیے تھے۔محمد سراج اور نتیش کمار ریڈی کو دو، دو وکٹ ملے۔رویندر جڈیجہ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
جوابی اننگز میں بھارت نے 13 رنز پر یشسوی جیسوال (13 رنز) کی وکٹ گنوا دی۔ 4 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کرنے والے جوفرا آرچر نے یاشاسوی کو سلپ میں ہیری بروک کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ چائے کے وقفے تک ہندوستانی ٹیم کا سکور 44/1 ہے۔ کے ایل راہل اور کرون نائر ناقابل شکست ہیں۔جمعہ کو میچ کے دوسرے دن انگلینڈ نے 251/4 کے سکور سے کھیلنا شروع کیا۔ لنچ سے قبل ٹیم 271 رنز پر 7 وکٹیں گنوا چکی تھی۔ یہاں سے جیمی اسمتھ (51 رنز) نے برائیڈن کارس (56 رنز) کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 84 رنز کی شراکت قائم کی اور اسکور کو 350 سے آگے لے گئے۔
