ممبئی ،21 دسمبر(یو این آئی ) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ ( بی سی سی آئی ) نے ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کرنے والی ہندوستانی بلائنڈ ویمن کرکٹ ٹیم کو ہیڈ کوارٹر میں انتہائی گرمجوشی سے استقبال کیا گیا اور ان کی ناقابلِ شکست کارکردگی کو سراہا گیا۔بی سی سی آئی کے صدر متھن منہاس نے ٹیم کی کامیابی کو سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا”یہ بلائنڈ ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ان کھلاڑیوں نے ثابت کر دیا کہ عزم اور ہمت کے سامنے کوئی بھی رکاوٹ بڑی نہیں ہے۔”یہ دورہ ہندوستان میں بلائنڈ کرکٹ کی بڑھتی ہوئی پہچان اور قومی سطح پر ملنے والی حمایت کی عکاسی کرتا ہے۔ بورڈ کے سینیئر حکام نے کھلاڑیوں کے پختہ عزم اور ثابت قدمی کی بھرپور ستائش کی۔بی سی سی آئی کے اعزازی خزانچی رگھورام بھٹ نے کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا ۔ اس موقع پر بورڈ کے اعزازی سیکرٹری دیوجیت سیکیا نے ویڈیو لنک کے ذریعے ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی سی سی آئی مستقبل میں بھی ٹیم کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ بورڈ نے ٹیم کو مستقبل کے دوروں کے لیے پلیئنگ کٹس اور سفری سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں اپنی برتری برقرار رکھی۔ اور ایک بھی میچ نہیں ہارا تھا۔فائنل میں ہندوستان نے نیپال کو شکست دی۔ 115 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستانی خواتین نے محض 12.1 اوورز میں 7 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے عالمی خطاب اپنے نام کیا۔
