میڈرڈ، 13 مارچ (ہ س)۔ اٹلیٹیکو میڈرڈ کے فارورڈ اینجل کوریا پر ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن کی ڈسپلنری کمیٹی نے پانچ میچوں کی پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں گیٹافے کے خلاف 1-2 سے شکست کے دوران اس کے ریڈ کارڈ کے بعد آیا ہے۔ارجنٹینا کے کھلاڑی کو میچ کے 87 ویں منٹ میں گیٹافے کے ڈفینڈر ڈیجانے پر خطرناک ٹیکل کرنے پر وی اے آر ریویو کے بعد باہر بھیج دیا گیاتھا، جب ان کی ٹیم 0-1 سے آگے تھی۔ریڈ کارڈ ملنے کے بعد، کوریا نے ریفری کواڈرا فرنانڈیز کے خلاف سنگین بدکلامی کی، جس کے نتیجے میں ان کی معطلی ایک میچ سے بڑھا کر پانچ میچوں تک کر دی گئی۔اس معطلی کی وجہ سے کوریا اب لا لیگا میں اگلے ہفتے کے آخر میں ایف سی بارسلونا کے خلاف ہوم میچ کے ساتھ ساتھ ایسپینیول، سیویلا اور ویلاڈولڈ کے خلاف ہونے والے مقابلوں سے باہر رہیں گےمزید برآں، کیونکہ اس کی معطلی چار میچوں سے زیادہ ہے، اس لیے وہ کوپا ڈیل رے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں بھی ایک میچ کی معطلی کا سامنا کریں گے۔یہ میچ 2 اپریل کو بارسلونا کے خلاف ایٹلیٹیکو کے ہوم گراونڈ پر کھیلا جائے گا۔ پہلے مرحلے کا میچ 4-4 کی برابری پر ختم ہوا تھا۔
غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فٹبالر حمدان قشطہ شہید
غزہ، 13 مارچ (یو این آئی) غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فٹبالر حمدان قشطہ شہید ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس سے فٹبالر حمدان قشطہ بری طرح زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ پٹی میں اسرائیلی فوج نے ڈرون حملہ بھی کیا جس کے نتیجے میں 7 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب جنوبی لبنان میں بھی اسرائیلی فوج نے ڈرون حملے کیے جس سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
