ممبئی، 09 جنوری (یواین آئی) شریس ایئر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی تین میچوں کی ایک روزہ سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا حصہ بننے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ دوسری جانب سرجری کے بعد تلک ورما نیوزی لینڈ کے خلاف ابتدائی تین ٹی20 میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔ شریس کو 15 رکنی اسکواڈ میں شامل تو کیا گیا تھا، تاہم ان کی شرکت فٹنس سے مشروط تھی۔ وجے ہزارے ٹرافی میں کھیلتے ہوئے اپنی فٹنس ثابت کرنے کے بعد وہ جمعہ کو ہندوستانی ٹیم کے ساتھ شامل ہوجائیں گے۔ وہ وڈودرا میں ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ سے صرف دو دن قبل ٹیم میں شامل ہوسکیں گے۔ہندوستان کے نائب کپتان شریس کو 25 اکتوبر کو آسٹریلیا میں پسلی میں چوٹ لگی تھی، جس کے بعد وہ پہلی بار ٹیم انڈیا میں واپسی کر رہے ہیں۔ اسی چوٹ کے باعث وہ جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو سیریز نہیں کھیل سکے تھے۔سرجری کے بعد تلک ورما نیوزی لینڈ کے خلاف ابتدائی تین بین الاقوامی ٹی20 میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے مطابق،“جمعرات کی صبح تلک کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا اور جمعہ کو وہ حیدرآباد واپس جائیں گے۔ ان کی حالت مستحکم ہے۔ مکمل صحت یابی کے بعد وہ فزیکل اور اسکل ٹریننگ دوبارہ شروع کریں گے۔ ٹریننگ میں واپسی کے بعد ان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے آخری دو ٹی20 میچوں میں ان کی شمولیت پر فیصلہ کیا جائے گا۔
