انڈین ویلز، کیلیفورنیا،16 مارچ (یواین آئی ) دنیا کی نمبر ون ٹینس اسٹار آرینا سابالینکا نے ایک اعصاب شکن مقابلے کے بعد ایلینا ریباکینا کو شکست دے کر پہلی بار انڈین ویلز کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ اتوار کو کھیلے گئے اس فائنل میں سابالینکا نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اپنی حریف کو زیر کیا۔کیلیفورنیا کے تپتے ہوئے صحرائی موسم میں سابالینکا نے 3-6، 6-3، اور 7-6 (8/6) سے کامیابی حاصل کی۔ سابالینکا، جو 2023 اور 2025 میں رنرز اپ رہی تھیں، تیسرے سیٹ میں ایک موقع پر میچ ختم کرنے کے قریب تھیں لیکن ریباکینا نے بریک پوائنٹ حاصل کر کے مقابلہ ٹائی بریکر تک پہنچا دیا۔ ٹائی بریکر میں ریباکینا کو ‘چیمپئن شپ پوائنٹ حاصل تھا، لیکن سابالینکا نے بہترین بیک ہینڈ شاٹ کے ذریعے واپسی کی اور بالآخر فتح سمیٹی۔میچ کے بعد ٹینس چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بیلاروس سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ کھلاڑی کا کہنا تھا”میرا پورا ارادہ یہ تھا کہ ذہنی طور پر مضبوط رہوں اور اپنی باڈی لینگویج سے یہ ظاہر کروں کہ میں یہاں لڑنے کے لیے آئی ہوں۔ میں خوش ہوں کہ میری حکمت عملی کام کر گئی۔ میں اس جیت کو زندگی بھر یاد رکھوں گی۔”دونوں کھلاڑیوں کے درمیان یہ 16واں مقابلہ تھا، جس میں اب سابالینکا کو 9-7 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ سابالینکا کیلئےیہ عرصہ خوشیوں بھرا رہا ہے، جس میں ان کی منگنی اور اب یہ اہم ٹائٹل شامل ہے۔ سابالینکا اب میامی اوپن کیلئےروانہ ہوں گی جہاں وہ اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کیلئےپرعزم ہیں۔
