جوکووچ کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن اپنے نام کر لیا
ملبورن،یکم فروری(ایجنسی)ورلڈ نمبر-1 کارلوس الکاراز نے پہلی بار آسٹریلین اوپن جیت لیا ہے۔ 22 سالہ ہسپانوی اسٹار نے فائنل میں سربیا کے لیجنڈ نوواک جوکووچ کو 2-6، 6-2، 6-3، 7-5 سے شکست دی۔اتوار کو میلبورن کے راڈ لیور ایرینا میں کھیلا گیا یہ مقابلہ 3 گھنٹے 2 منٹ تک جاری رہا۔ جوکووچ کے کیریئر میں آسٹریلین اوپن فائنل میں یہ پہلی ہار تھی۔ اس سے پہلے وہ 10 بار فائنل میں پہنچے تھے اور ہر بار چیمپئن بنے تھے۔پہلا سیٹ جوکووچ نے آسانی سے جیت لیا تھا، لیکن اس کے بعد الکاراز نے اپنی لے (Rhythm) پکڑ لی۔ دوسرے اور تیسرے سیٹ میں جارحانہ ریٹرن اور بیس لائن سے دباؤ ڈال کر انہوں نے میچ اپنے حق میں کر لیا۔چوتھا سیٹ سب سے زیادہ سنسنی خیز رہا۔ 11ویں گیم میں الکاراز نے دباؤ میں شاندار فور ہینڈ ونر لگا کر 6-5 کی برتری حاصل کی۔ 12ویں گیم میں جوکووچ سروس کر رہے تھے، لیکن فیصلہ کن لمحات میں ان سے چوک ہو گئی اور الکاراز نے سیٹ کے ساتھ میچ بھی اپنے نام کر لیا۔اس جیت کے ساتھ الکاراز نے ‘کیریئر گرینڈ سلیم مکمل کر لیا ہے۔ آسٹریلین اوپن ہی ان کے ٹرافی کیبنٹ میں واحد گرینڈ سلیم خطاب بچا تھا۔ اسے جیت کر وہ کیریئر گرینڈ سلیم مکمل کرنے والے سب سے کم عمر مرد کھلاڑی بن گئے ہیں۔الکاراز اس سے قبل 2 بار یو ایس اوپن، 2 بار ومبلڈن اور 2 بار فرنچ اوپن جیت چکے ہیں۔ کیریئر گرینڈ سلیم کا مطلب ہے کہ کسی کھلاڑی کا اپنے کیریئر میں چاروں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کم از کم ایک بار جیتنا۔ انہیں ایک ہی کیلنڈر سال میں جیتنا ضروری نہیں ہوتا۔فائنل سے پہلے الکاراز نے سیمی فائنل میں جرمنی کے الیگزینڈر زویریف کو پانچ سیٹوں تک جاری رہنے والے مقابلے میں شکست دی تھی۔ یہ میچ 5 گھنٹے 27 منٹ تک چلا، جس میں الکاراز نے 6-4، 7-6، 6-7، 6-7، 7-5 سے کامیابی حاصل کی۔ کوارٹر فائنل میں انہوں نے آسٹریلیا کے الیکس ڈی مینور کو 7-5، 6-2، 6-1 سے ہرا کر آخری چار میں جگہ بنائی تھی۔38 سالہ نوواک جوکووچ کے نام کل 24 گرینڈ سلیم خطابات ہیں۔ ان میں 10 آسٹریلین اوپن، 3 فرنچ اوپن، 7 ومبلڈن اور 4 یو ایس اوپن شامل ہیں۔کارلوس الکاراز سے پہلے ڈان بج، راڈ لیور، رائے ایمرسن، آندرے اگاسی، راجر فیڈرر، رافیل نڈال اور نوواک جوکووچ کیریئر گرینڈ سلیم مکمل کر چکے ہیں۔ جب کوئی کھلاڑی اپنے کیریئر میں آسٹریلین اوپن، فرنچ اوپن، ومبلڈن اور یو ایس اوپن چاروں میجر ٹورنامنٹ جیتتا ہے، تو اسے ‘کیریئر سلیم’ کہا جاتا ہے۔
