پیرس 22 اکتوبر(یو این آئی ) نوٹنگھم فاریسٹ نے اپنی یورپا فٹ بال لیگ مہم کو نئی سمت دینے کے لیے تجربہ کار کوچ شان ڈائچ کو ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ وہ جمعرات کو پورٹو کے خلاف اہم میچ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔اے ایف پی کے مطابق شان ڈائچ کے لیے یہ پہلا موقع ہے کہ وہ یورپی مقابلے میں کسی ٹیم کی باقاعدہ قیادت کریں گے۔54 سالہ شان ڈائچ معاہدے کے مطابق 2027 تک ذمہ داریاں نبھائیں گے۔شان ڈائچ رواں سیزن کے دوران نوٹنگھم فاریسٹ کے تبدیل ہونے والے تیسرے منیجر ہیں ، جنہیں اینجے پوسٹیکوگلو کی برطرفی کے بعد ذمہ داری سونپی گئی ہے۔اینجے پوسٹیکوگلو کو گزشتہ ہفتے کو چیلسی کے ہاتھوں 0-3 کی شکست کے چند منٹ بعد عہدے سے فارغ کر دیا گیا تھا، جس کے ساتھ ہی ان کے محض 39 دن کے مختصر دور کا اختتام ہوا۔وہ اپنے 8 میں سے ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہے تھے۔یاد رہے کہ اینجے پوسٹیکوگلو نے نونو ایسپریتو سانتو کی جگہ لی تھی، جنہوں نے ستمبر میں کلب کو خیر باد کہا تھا ۔ ذرائع کے مطابق نوٹنگھم فاریسٹ انتظامیہ نے شان ڈائچ کے علاوہ سابق اٹلی کوچ روبرتو مانچینی اور فُلہم کے منیجر مارکو سلوا کے ناموں پر بھی غور کیا تھا، تاہم سلوا کی خدمات کے لیے کلب کو بھاری معاوضہ ادا کرنا پڑتا، جبکہ شان ڈائچ فارغ تھے اور فوری دستیاب تھے۔نوٹنگھم کلب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نوٹنگھم فاریسٹ اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہے کہ شان ڈائچ کو کلب کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، یہ فیصلہ گلوبل ہیڈ آف فٹبال ایڈو گاسپار اور گلوبل ٹیکنیکل ڈائریکٹر جارج سیریا نوس کی قیادت میں مکمل بھرتی کے عمل کے بعد کیا گیا۔
