احمد آباد، 9 مارچ (یواین آئی ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں حاصل ہونے والی عظیم الشان کامیابی کو اپنے پیشرو راہل دریوڈ اور ‘سینٹر آف ایکسی لینس‘ کے سربراہ وی وی ایس لکشمن کے نام منسوب کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اجیت اگرکر اور بی سی سی آئی کے سابق سیکرٹری جے شاہ کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل جیتنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے گمبھیر نے کہا”سب سے پہلے میں یہ ٹرافی راہل بھائی (دروڑ) کے نام کرنا چاہتا ہوں، کیونکہ انہوں نے اپنے دورِ اقتدار میں ٹیم کو اس مقام تک پہنچایا۔ اس کے ساتھ ہی وی وی ایس لکشمن بھائی کا بھی شکریہ، جو پسِ پردہ رہ کر ‘پائپ لائن‘ (نئے کھلاڑیوں کی تیاری) پر بے لوث کام کر رہے ہیں۔”گمبھیر نے جے شاہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ جب ٹیم جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز ہاری اور وہ اپنے کیریئر کے مشکل ترین دور سے گزر رہے تھے، تو جے شاہ وہ واحد شخص تھے جنہوں نے فون کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ جے شاہ نے ان کی کوچنگ کی صلاحیتوں پر اس وقت بھروسہ کیا جب ان کے پاس کسی بڑی فرنچائز کی کوچنگ کا تجربہ بھی نہیں تھا۔کوچ نے ٹیم کے ‘نڈر‘ اندازِ کرکٹ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں “ہائی رسک، ہائی ریوارڈ” ہی کامیابی کی کنجی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم اب 160-170 رنز والی کرکٹ نہیں، بلکہ ہر میچ میں 250 رنز کا ہدف سامنے رکھتی ہے۔ہیڈ کوچ نے تمام کریڈٹ کھلاڑیوں کو دیتے ہوئے کہا کہ وہ اور کپتان سوریہ کمار یادو ایک ہی سوچ کے مالک ہیں، اور جب تک وہ اس عہدے پر ہیں، انفرادی ریکارڈز کے بجائے ٹیم کی فتوحات کو ترجیح دی جائے گی۔
