International

لبنان میں عارضی جنگ بندی کی کوششوں میں اہم پیش رفت

43views

لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیل کی بم باری کا سلسلہ جاری: 72 شہری ہلاک اور 100 زخمی

واشنگٹن 26 ستمبر (ایجنسی) ایک اعلیٰ سطح کے امریکی عہدے دار کا کہنا ہے کہ امریکا اور دیگر کئی ممالک کی جانب سے لبنان میں فوری عارضی فائر بندی کے لیے جاری مشترکہ بیان ایک “اہم پیش رفت” ہے۔مذکورہ عہدے دار نے جمعرات کے روز اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ واشنگٹن امید رکھتا ہے کہ اس پکار کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں جنگ بندی اور یرغمال قیدیوں کی رہائی تک پہنچنے کی حالیہ کوششوں کو بھی تحریک ملے گی۔اس سے قبل فرانس کے وزیر خارجہ جان نویل بارو نے گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران میں لبنان میں جنگ بندی کے حوالے سے اہم پیش رفت کا اعلان کیا تھا۔ انھوں نے باور کرایا کہ یہ کوششیں آئندہ گھنٹوں میں بھی جاری رہیں گی۔دوسری جانب ایک اسرائیلی ذمے دار نے اسرائیلی نشریاتی ادارے کو واضح کیا کہ حزب اللہ کے ساتھ کسی بھی معاہدے میں غزہ سے متعلق بعض شقیں شامل کی جائیں گی۔ ذمے دار کے مطابق امریکی فرانسیسی تجویز کی تفصیلات اسرائیل اور حزب اللہ کو پیش کر دی گئی ہیں جو اپنا جواب جلد حوالے کریں گے۔ادھر لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیل کی بم باری کا سلسلہ جاری ہے۔ لبنانی وزارت صحت کے مطابق صرف بدھ کے روز 72 شہری ہلاک اور 100 زخمی ہوئے۔لبنانی وزیر خارجہ نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ گذشتہ برس غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ چھڑنے کے بعد آٹھ اکتوبر سے اب تک جنوبی لبنان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی 5 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔واضح رہے کہ ایران اپنے ذمے داران کی زبانی ایک سے زیادہ مرتبہ یہ باور کرا چکا ہے کہ وہ جنگ وسیع کرنے کی کوشش نہیں کر رہا۔ تہران مغربی ممالک پر زور دیتا ہے کہ وہ لبنان پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کریں۔ گذشتہ روز ایرانی صدر مسعود پزشکیان یہ کہہ چکے ہیں کہ حزب اللہ اکیلے اسرائیل کا مقابلہ نہیں کر سکتا جس کو مغربی ممالک کی حمایت حاصل ہے۔ توقع ہے کہ فرانس کے وزیر خارجہ آئندہ دنوں میں لبنان روانہ ہوں گے۔ اس سے قبل پیرس نے متعلقہ فریقوں کے ساتھ معیارات کے تعین کے لیے کام کیا تھا تا کہ اس بحران کو سلامتی کونسل کی قرار داد نمبر 1701 کے تحت حل کیا جا سکے۔ کہ قرار داد اقوام متحدہ نے 2006 میں اسرائیل اور حزب اللہ کے بیچ 33 روز تک جاری رہنے والی جنگ کے بعد منظور کی تھی۔ قرار داد کے ذریعے اقوام متحدہ کی امن فوج کے اختیارات کا دائرہ وسیع کیا گیا جس سے اسے لبنانی فوج کی مدد کی اجازت مل گئی تا کہ لبنان کے جنوب کو ہتھیاروں اور مسلح عناصر سے پاک رکھا جا سکے۔ اس قرار داد نے اس وقت لبنانی حکومت اور حزب اللہ کے درمیان اختلاف کو جنم دیا جو لبنانی فوج کی موجودگی کے باوجود عملی طور پر جنوبی لبنان پر کنٹرول رکھتی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.