آٹھ خواتین اور بائیس بچوں پر مشتمل 30 فلسطینیوں کے بدلے 10 اسرائیلی رہا کئے گئے
جمعرات کی شام اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کا ساتواں تبادلہ کیا گیا۔ جنگ بندی کا یہ ساتواں دن تھا۔ پہلے چار روز کی جنگ بندی ہوئی تھی۔ اس کے بعد اس میں 2 روز کی توسیع کی گئی اور جمعرات کو اس میں پھر ایک دن کی توسیع کی گئی۔
جنگ بندی کے ساتویں دن 30 فلسطینیوں کی رہائی کے بدلے 10 اسرائیلی رہا ہوئے۔ رہا ہونے والے فلسطینی شہریوں میں 8 خواتین قیدی اور 22 فلسطینی بچے شامل تھے۔ اسرائیل نے پہلے دو اسرائیلی خواتین کے حوالے کئے جانے کا بتایا اور کہا کہ باقی افراد کو بعد میں غزہ سے حوالے کیا جائے گا۔
جنگ بندی کے سات دنوں میں 103 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا جنہیں حماس نے 7 اکتوبر کو غزہ کی پٹی سے کے اطراف میں موجود اسرائیلی قصبوں پر اپنے اچانک حملے کے دوران یرغمال بنایا تھا۔ بدلے میں اسرائیل نے 240 سے زائد فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جو اس کی جیلوں میں بند تھے۔ مصر نے جمعرات کو حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں مزید ایک دن کی توسیع کا اعلان کیا۔
سٹیٹ انفارمیشن سروس کے سربراہ نے اشارہ کیا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کو مزید دو دن تک بڑھانے کے لیے مصر اور قطر کے درمیان رابطے جاری ہیں۔ دیا راشوان نے تصدیق کی کہ مصر جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کو قریب سے دیکھ رہا ہے۔ مصر دونوں فریقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ اس بات پر عمل کریں جس پر اتفاق کیا گیا تھا۔