International

سعودی عرب، پاکستان ، عراق ، عمان اور قطر نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے پر گہری تشویش کا اظہار

57views
ریاض، 22 جون (یواین آئی):سعودی عرب نے ایران میں پیش آنے والے حالات اور خاص طور پر امریکہ کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مسئلے کے سیاسی حل کی کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ پاکستان، عراق، عمان اور قطر نے بھی امریکی حملے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔پاکستان نے بھی ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکا کے حملوں کی مذمت کی ہے۔پاکستان نے خطے میں کشیدگی میں ممکنہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری بیان میں پاکستان نے ایک بار پھر اس مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ یہ حملے بین الاقوامی قانون کے تمام اصولوں کی خلاف ورزی ہیں، اور ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔پاکستان نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جارحیت کے نتیجے میں کشیدگی اور تشدد میں غیرمعمولی اضافہ نہایت تشویشناک ہے، اگر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو اس کے اثرات خطے اور اس سے باہر بھی نہایت سنگین ہوں گے۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق، سعودی عرب نے ایران میں امریکی فضائی حملوں کے بعد گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، جن میں ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔سعودی وزارت خارجہ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت سعودی عرب برادر اسلامی جمہوریہ ایران میں ہونے والی پیش رفت بالخصوص امریکا کی جانب سے جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے پر شدید تشویش میں مبتلا ہے۔سعودی عرب نے کشیدگی کم کرنے، تحمل سے کام لینے، اور مزید بگاڑ سے گریز کی کوششوں پر زور دیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا مملکت سعودیہ عالمی برادری سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ اس نہایت حساس مرحلے میں اپنی کوششوں کو تیز کرے تاکہ سیاسی حل تک پہنچا جا سکے۔الجزیرہ کے مطابق حالیہ دنوں میں امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کرنے والی خیلیجی ریاست عمان نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کو جارحیت کا غیرقانونی اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے اور فوری اور جامع کشیدگی میں کمی پر زور دیا ہے۔عمان کی خبر رساں ایجنسی نے وزارت خارجہ کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سلطنت کو اس پیش رفت پر گہری تشویش ہے اور خبردار کیا ہے کہ امریکا کا یہ اقدام تنازع کو مزید پھیلانے کا سبب بن سکتا ہے اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ادھر قطر نے بھی امریکی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی خطرناک کشیدگی کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تباہ کن نتائج کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں امریکا کے حملوں کے بعد حالات کے بگاڑ پر افسوس کا اظہار کیا اور تمام عسکری کارروائیاں فوری طور پر روکنے اور بقایا مسائل کو حل کرنے کے لیے مکالمے اور سفارتی ذرائع کی طرف فوری واپسی پر زور دیا۔

عراق نے بھی ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے پر گہری تشویش اور مذمت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ فوجی کشیدگی خطے کے امن و سلامتی کے لیے ایک سنجیدہ خطرہ ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.