آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کی جلسوں کی ’ڈبل سنچری‘ مکمل، مکیش سہنی کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں کاٹا کیک
لوک سبھا کے انتخابی مہم میں مصروف بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو اور وی آئی پی کے سربراہ مکیش سہنی نے مچھلی اور سنترہ کے بعد اب ہیلی کاپٹر میں کیک کاٹنے اور کھانے کا ویڈیو شیئر کیا ہے۔ دراصل آج تیجسوی یادو اور مکیش سہنی اپنی 200ویں ریلی کرنے جا رہے ہیں، جس کے لیے سہنی نے تیجسوی کو سرپرائز دیتے ہوئے انہیں کیک پیش کیا۔ جسے ان دونوں لیڈروں نے کاٹا اور ایک دوسرے کو کھلایا۔
تیجسوی یادو نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ اس ویڈیو میں مکیش سہنی کو ہیلی کاپٹر میں آر جے ڈی لیڈر کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ آج ہمارے پاس آپ کے لیے ایک سرپرائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیک ہے اور آج ہماری 200 ویں ریلی ہونی ہے، آج اگر ہم اسے مکمل کریں تو 205 ریلیاں ہو جائیں گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ کیک کاٹا جائے، آپ کی 200ویں ریلی ہو چکی ہے لیکن میری پہلی بار 200 ویں ریلی ہے۔ اس کے بعد تیجسوی نے کہا کہ میرے ذہن میں بھی نہیں تھا کہ 200 ریلیاں ہو گئی ہیں۔ ہم نے سوچا کہ یہ 190 کے قریب ہے۔ اسمبلی میں ہم نے تقریباً 250 ریلیاں کی تھیں۔ اس پر وی ای پی کے سربراہ نے کہا کہ اس بار یہ 250 سے تجاوز کر جائے گا کیونکہ ساتواں مرحلہ ابھی باقی ہے۔
اس ویڈیو میں جب تیجسوی یادو نے مکیش سہنی سے پوچھا کہ انہیں یہ آئیڈیا کہاں سے آیا تو انہوں نے کہا کہ اگر ہم کچھ نیا کریں گے تو لوگوں کو مرچی لگے گی۔ اس کے بعد تیجسوی یادو نے پوچھا کہ آپ سب کو مرچی کیوں لگواتے ہیں تو سہنی نے کہا کہ یہ جو بھائی چارہ ہے اس سے لوگوں کو مرچی لگنا طے ہے۔ جو ہم لوگوں میں دوستی اور بھائی چارہ کا امتزاج پیدا ہوا ہے، اس سے بہار ہی نہیں ملک بھر کے لوگوں کو مرچی لگنا طے ہے۔
کیک کاٹتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ یہ کیک بہار کے لوگوں کے لیے ہے۔ بہار کے لوگ اس گرمی میں بھی ہمیں سننے کے لیے آرہے ہیں۔ ان سب کی ایک ہی خواہش ہے کہ اس بار آئین کو بچائیں، جمہوریت کو بچائیں۔ گنگا جمنی تہذیب، ملازمت کے نام پر، بیروزگاری، مہنگائی اور غریبی کو ہٹانے کے لیے بہار کی عوام نے جو تعاون دیا ہے، اس کے لیے ہم ان سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جبکہ مکیش سہنی نے کہا کہ یقینی طور پر یہ ہمارا نظریہ ہے۔ ہم لوگ اپنے لوگوں کے لیے غریبوں اور پسماندہ لوگوں کے لیے جد وجہد کرتے رہیں گے۔ ہم عوام کے ساتھ رہیں گے۔ اس کے بعد تیجسوی یادو اور مکیش سہنی نے کیک کاٹا اور ایک دوسرے کو کھلایا۔
اس دوران مکیش سہنی نے کہا کہ آپ لوگ ہماری طرف سے بہار کے نوجوانوں، غریبوں اور خواتین کو کیک کھلا رہے ہیں اور جو لوگ ہم سے جل رہے ہیں، نفرت کر رہے ہیں ہم انہیں بھی کیک کھلانا چاہتے ہیں۔ منھ میٹھا کر لیجئے کیونکہ اس بار ہم لوگوں کی حکومت بننے جا رہی ہے۔ ہم نفرت کا بازار بند کر کے دوستی کے لیے آپ لوگوں کی طرف ہاتھ بڑھا رہے ہیں۔
اس سے قبل تیجسوی یادو نے مچھلی اور سنترہ کھانے کی ویڈیو بھی شیئر کی تھی۔ نوراتری کے دوران مچھلی کھانے کی ویڈیو شیئر ہونے پر کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ بی جے پی نے ان پر فرضی سناتنی ہونے کا الزام لگایا تھا۔ جبکہ تیجسوی یادو نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ویڈیو نوراتری سے پہلے شوٹ کی گئی تھی۔ سنترہ کھانے کی ویڈیو شیئرکرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ہیلو دوستو، آج ہیلی کاپٹر میں سنترہ پارٹی ہوئی۔ سنترہ کے رنگ سے تو وہ نہیں ناراض ہوں گے۔ اس ویڈیو میں مکیش سہنی کہتے ہیں کہ آج ہم سنترہ کھا رہے ہیں لیکن بی جے پی والے پریشان ہوں گے کہ ہم سنترہ کیوں کھا رہے ہیں؟ اسے بھی وہ لوگ مذہب سے جوڑدیں گے۔