National

پنجاب کے فتح گڑھ صاحب میں ریل حادثہ، دو مال گاڑیوں میں زبردست تصادم

91views

پنجاب میں ایک شدید ٹرین حادثہ پیش آیا ہے۔ فتح گڑھ صاحب کے مادھو پور کے قریب دو مال گاڑیوں کے درمیان تصادم ہوا ہے۔ حادثے میں دو لوکو پائلٹ زخمی ہوئے ہیں۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) سرہند پولیس اسٹیشن رتن لال نے کے مطابق صبح تقریباً 3:45 بجے ہمیں اطلاع ملی کہ حادثہ پیش آیا ہے۔ ہم موقع پر پہنچے۔ دو لوکو پائلٹ زخمی ہوئے ہیں، انہیں فتح گڑھ صاحب سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

یہ حادثہ گزشتہ سال اوڈیشہ کے بالاسور میں پیش آنے والے حادثے کی ہی طرح ہے۔  بالاسور کے حادثے میں ایک تیز رفتار ٹرین ریلوے ٹریک پر پہلے سے کھڑی ٹرین سے ٹکرا گئی تھی۔ اس تصادم کے دوران ایک تیسری گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی، وہ بھی حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔ اس ٹرین حادثے میں 293 سے زیادہ افراد ہلاک اور ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ فتح گڑھ صاحب میں ہونے والا یہ حادثہ بھی کچھ ویسا ہی، البتہ رفتار کم ہونے کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔

خبروں کے مطابق کوئلے سے لدی ٹرین ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور کے نیو سرہند اسٹیشن پر کھڑی تھی جسے روپڑ روانہ کیا جانا تھا۔ اسی ٹریک پر پیچھے سے کوئلے سے لدی ایک اور ٹرین آئی جو پہلے سے کھڑی کوئلے کی ٹرین سے ٹکرا گئی۔ جس کی وجہ سے ٹرین کا انجن الٹ گیا۔ اسی دوران کولکتہ سے جموں توی جانے والی خصوصی سمر ٹرین (04681) امبالہ سے لدھیانہ کی طرف جانے کے لیے روانہ ہوئی۔ جب یہ ٹرین نیو سرہند اسٹیشن کے قریب پہنچی تو اس کی رفتار سست تھی۔ اس دوران دو مال گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس سے انجن پلٹا تو وہ مسافر ٹرین سے ٹکرا گیا۔

مسافر ٹرین کی رفتار سست تھی اس لیے ڈرائیور نے فوری طور پر ٹرین روک دی اور بڑا حادثہ ٹل گیا، مگر گاڑی کو جزوی طور نقصان پہنچا ہے۔ ساتھ ہی ٹریک کی حالت بھی خراب ہے۔ حادثے کے بعد مسافر ٹرین کو دوسرا انجن لگا کر راجپورہ روانہ کر دیا گیا  ہے اور ٹریک کی مرمت کا کام تیز رفتاری سے کیا جا رہا ہے۔ یہ تصادم اتنا زوردار تھا کہ مال ٹرین کی بوگیاں بھی ایک دوسرے کے اوپر چڑھ  گئیں۔ حادثے کے بعد ریلوے ملازمین موقع پر پہنچ گئے اور انجن کا شیشہ توڑ کر اندر پھنسے لوکو پائلٹ کو بچا یا۔ حادثے کے بعد کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں گاڑیوں کے درمیان تصادم کتنا شدید تھا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.