روسی صدر ولادیمیر پوتین نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران فلسطینیوں کی آزاد ریاست کے حق کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی ‘وفا’ نیوز کے مطابق پوتین نے جنگ بندی معاہدے اور غزہ میں امداد کے داخلے کی اجازت دینے پر زور دیا۔
فلسطینی رہنما محمود عباس نے کہا کہ غزہ کے شہریوں کو نشانہ بنانے والے حملوں کو فوری طور پر روکا جائے اور غزہ میں لوگوں کو ادویات، راشن اور پانی فراہم کیا جائے۔
محمود عباس نے فلسطینیوں کی غزہ سے بے دخلی کو ‘نکبہ ثانی’ قرار دیتے ہوئے اسے روکنے پر زور دیا۔ فلسطینی صدر نے دونوں جانب شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مغوی عام شہریوں کو جلد از جلد رہا کیا جائے۔
غزہ کے حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں میں کم از کم 2837 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن کا ایک چوتھائی فلسطینی بچے ہیں جبکہ 10 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ہزار افراد لاپتہ ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
اسرائیل پر حماس کے حملے میں 1300 سے زائد اسرائیلی اور غیر ملکی شہری ہلاک ہوگئے تھے۔