برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سنک نے برطانوی پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی نصف شب سے برطانوی پارلیمنٹ میں 650 اراکین پارلیمنٹ کی سیٹیں ایک جھٹکے میں خالی ہو گئی ہیں۔ حالانکہ برطانیہ کی موجودہ کنزرویٹیو پارٹی کی حکومت کی مدت کار دسمبر میں پوری ہونی ہے۔ برطانیہ کے اصولوں کے مطابق یہاں 28 جنوری 2025 سے پہلے اور 17 دسمبر کے بعد انتخاب کرایا جانا تھا، لیکن وزیر اعظم رشی سنک نے چھ ماہ قبل ہی اپنے حقوق کا استعمال کرتے ہوئے پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا ہے۔ ایسے میں اب 4 جولائی کو برطانیہ میں انتخاب کرائے جائیں گے۔
چونکہ 4 جولائی کو عام انتخاب ہونے ہیں اور برطانوی پارلیمنٹ تحلیل کر دیا گیا ہے، اس لیے اب انتخابی تشہیر کے لیے محض 5 ہفتہ کا وقت بچا ہے۔ برسراقتدار کنزرویٹیو پارٹی کی 14 سالہ حکومت کے بعد اس بار مختلف سروے میں لیبر پارٹی کے اقتدار میں آنے کا امکان نظر آ رہا ہے۔ انتخابی پروگرام کے مطابق نصف شب ہوتے ہی اراکین پارلیمنٹ کی 650 سیٹیں خالی ہو گئیں۔ اس کے ساتھ ہی پانچ ہفتہ کی انتخابی تشہیر بھی آفیشیل طور پر شروع ہو گئی۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم رشی سُنک نے بارش کے دوران انتخاب سے متعلق اعلان کیا۔ ایسے میں پہلے ہفتہ انتخابی تشہیر کی شروعات دھیمی رہی۔ اس لیے کئی مبصرین نے بارش کو ان کے لیے ایک بد شگون کی شکل میں پیش کیا۔ حالانکہ رشی سنک کے پہلے کے اعلان سے ہی ایسا اندیشہ تھا کہ وہ 4 جولائی سے پہلے کبھی بھی پارلیمنٹ کو تحلیل کر سکتے ہیں۔ کیونکہ وزیر اعظم سُنک نے سال کے آخر میں انتخاب کرانے کی جگہ 4 جولائی کا وقت مقرر کیا۔ اس کے بعد مبصرین نے کہا کہ مینڈیٹ سروے میں ان کی پارٹی کے پیچھے ہونے کے سبب پھر سے رفتار حاصل کرنے کی یہ کوشش ہے۔