National

وزیر اعظم مودی نے تیسری مرتبہ حلف لیا، کس کس وزراءنے لیا حلف

95views

وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے)کی کل حلف برداری ہوئی، جس میں پچھلی حکومت کے زیادہ تر سینئر وزراء کے ساتھ سات وزراءکو تبدیل کیا گیا۔ این ڈی اے کی اتحادی جماعتوں سے نئے چہرے آئے ہیں۔

صدر دروپدی مرمو نے کل شام راشٹرپتی بھون کے صحن میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں نریندر مودی اور ان کی وزراءکونسل کے 71 ارکان کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ جموں و کشمیر سے لے کر کیرالہ اور گجرات سے اروناچل پردیش تک ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو کابینہ میں جگہ دی گئی ہے۔کابینہ کے 30 وزراء، آزادانہ چارج کے حامل پانچ وزرائے مملکت اور 36 وزرائے مملکت کو نئی کونسل میں جگہ دی گئی ہے۔

نریندر  مودی  1962 کے بعد پہلے وزیر اعظم ہیں جو دو میعاد پوری کرنے کے بعد مسلسل تیسری بار حکومت بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ بی جے پی کے چار سینئر رہنماؤں جن میں  راج ناتھ سنگھ، نتن گڈکری، امت شاہ اور جگت پرکاش نڈا ج شامل ہیں انہوں نے حلف لیا۔

جمعہ کو صدر سے تقرری کا خط ملنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نریندر مودی نے اشارہ دیا تھا کہ ان کی تیسری ٹیم میں تجربہ کار ساتھیوں کو برقرار رکھا جائے گا۔ نئی حکومت میں تلگو دیشم پارٹی اور جنتا دل یونائیٹڈ کے ایک ایک رکن کو کابینہ اور ایک ایک کو وزیر مملکت کا عہدہ دیا گیا ہے۔ جنتا دل سیکولر کے سربراہ اور کرناٹک کے سابق وزیر اعلی ایچ ڈی کمار سوامی اور ہندوستانی عوامی مورچہ کے رہنما اور بہار کے سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی کو کابینہ وزیر بنایا گیا ہے۔

کل کی حلف برداری کی تقریب میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اجیت پوار  کے کسی لیڈر کو کابینہ میں جگہ نہیں ملی ہے۔ ذرائع کے مطابق این سی پی کے اندر اختلافات کی وجہ سے کسی نام کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔ نئی وزراء کونسل میں وہ 21 نام شامل نہیں ہیں جو پچھلی حکومت میں وزیر تھے، جن میں انوراگ سنگھ ٹھاکر، اسمرتی ایرانی، پرشوتم روپالا، راجیو چندر شیکھر، نارائن رانے، سادھوی نرنجن جیوتی، مہندر ناتھ پانڈے، جنرل وی کے سنگھ، اشونی چوبے ، ارجن منڈا، اجے مشرا ٹینی اور آر کے سنگھ اہم ہیں۔ انتخابات سے قبل کانگریس چھوڑ کر پنجاب میں بی جے پی میں شامل ہونے والے رونیت سنگھ بٹو کو آنند پور صاحب سیٹ سے شکست کھانے کے باوجود وزرا کی کونسل میں جگہ دی گئی ہے۔

وزرا کی کونسل میں ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ منوہر لال سمیت تین نئے وزیر بنائے گئے ہیں۔ جبکہ مشرقی دہلی سے منتخب ہرش ملہوترا نے بھی وزیر مملکت کے طور پر حلف لیا ہے۔ کیرالہ کی تھریسور سیٹ سے منتخب اداکار سریش گوپی اور کیرالہ بی جے پی کے جنرل سکریٹری جارج کورین کو ریاستی وزیر بنایا گیا ہے۔ تلنگانہ پردیش بی جے پی کے سابق صدر بندی سنجے کمار کو بھی ریاستی وزیر بنایا گیا ہے۔

حلف لینے والے کابینہ وزراءمیں راج ناتھ سنگھ، امت شاہ، نتن گڈکری، جگت پرکاش نڈا، شیوراج سنگھ چوہان، نرملا سیتارامن، ڈاکٹر ایس جے شنکر، منوہر لال، ایچ ڈی کمار سوامی، پیوش گوئل، دھرمیندر پردھان، جیتن رام مانجھی، راجیو رنجن سنگھ، سربانند سونووال، ویرندر کمار، رام موہن نائیڈو، پرہلاد جوشی، جوال اوراورم، گری راج سنگھ، اشونی ویشنو، جیوتیرادتیہ سندھیا، بھوپیندرا یادو، گجیندر سنگھ شیخاوت، اناپورنا دیوی، کرن رجیجو،ہردیپ سنگھ پوری، جی کشن ریڈی، چراغ پاسوان، سی آر پاٹل شامل ہیں۔آزادانہ چارج کے ساتھ وزیر مملکت کے طور پر حلف لینے والوں میں راؤاندرجیت سنگھ، جتیندر سنگھ، ارجن رام میگھوال، پرتاپ راؤ گنپت راؤجادھو اور جینت چودھری شامل ہیں۔

وزیر مملکت کے طور پر حلف لینے والوں میں جتن پرساد، شری پد یشو نائک، پنکج چودھری، کرشن پال، رام داس اٹھاؤلے، رام ناتھ ٹھاکر، نتیا نند رائے، انوپریہ پٹیل، وی سومنا، ڈاکٹر چندر شیکھر پیمسانی اور پروفیسرایس پی سنگھ بگھیل شامل ہیں۔

شوبھا کرندلاجے، کیرتی وردھن سنگھ، بی ایل ورما، شانتنو ٹھاکر، سریش گوپی، ڈاکٹر ایل مروگن، اجے ٹمٹا، بندی سنجے کمار، کملیش پاسوان، بھاگیرتھ چودھری، ستیش چندر دوبے، سنجے سیٹھ، رونیت سنگھ بٹو، درگا، سکانت مجمدار، ساوتری ٹھاکر، ٹوکھن ساہو، راج بھوشن چودھری، بھوپتی راجو سرینواس ورما، ہرش ملہوترا، نیموبین بمبھنیا، مرلی دھر موہول، جارج کورین اور پبیترا مارگریتھا بھی شامل ہیں ۔

اس سے پہلے جیسے ہی مودی پنڈال میں پہنچے، انہوں نے ہاتھ جوڑ کر اور جھک کر وہاں موجود لوگوں کی مبارکباد قبول کی۔ حلف لینے کے لیے جیسے ہی نریندر  مودی کا نام پکارا گیا، راشٹرپتی بھون کے پورے صحن میں موجود ہجوم کی خوشی کی آوازیں گونجنے لگیں۔اس موقع پر نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، نیپال کے وزیر اعظم پشپ کمل دہل پرچنڈ، بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ، بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ توبگے، سری لنکا کے صدر رانل وکرماسنگھے، مالدیپ کے صدر محمد معزو اور دیگر لوگ  موجود تھے۔ سیشلز کے صدر احمد عفیف اور ماریشس کے وزیر اعظم پروند جگناتھ، سفارت کار اور کئی معززین موجود تھے۔ تقریباً پونے تین گھنٹے کے بعد حلف برداری کی تقریب ختم ہونے کے بعد غیر ملکی مہمانوں نے صدر مملکت کی طرف سے دی گئی سرکاری ضیافت میں شرکت کی۔

این ڈی اے نے 18ویں لوک سبھا کے انتخابات میں 293 سیٹیں جیت کر مسلسل تیسری بار اکثریت حاصل کی ہے، تاہم اس بار بی جے پی کو اپنے بل بوتے پر اکثریت نہیں ملی ہے اور اسے صرف 240 سیٹوں پر ہی مطمئن ہونا پڑا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.