
28views
بنگلورو، 14 اپریل (یو این آئی): کرناٹک کے وزیر پرینگ کھرگے نے ریاست میں حال ہی میں ذات پات کے سروے پر ریاستی کابینہ میں اختلافات کے بارے میں میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی وزیر کو اس سلسلے میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔مسٹر کھرگے نے پیر کو یہاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں واضح اور عوامی بات چیت ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا، "سروے کے حوالے سے کابینہ میں کوئی اختلاف نہیں ہے، میرے کسی بھی ساتھی نے اس پر کوئی احتجاج یا تشویش ظاہر نہیں کی ہے۔ ذات کا سروے ہمارے انتخابی منشور کا حصہ ہے اور اگر لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ سائنسی نہیں ہے تو اسے حل کرنے کے بہت سے طریقے ہیں، لیکن یہ جانے بغیر کہ اس میں کیا ہے، لوگ اس کے بارے میں نتائج اخذ کر رہے ہیں۔"انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ رپورٹ صرف دو دن پہلے حکومت تک پہنچی ہے اور انہیں اور ان کے ساتھیوں کو اس کی مکمل تفصیلات جاننے کا موقع نہیں ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ رپورٹ میں کیا لکھا ہے لیکن اگر کسی کو اس پر کوئی شک یا اعتراض ہے تو وہ کچھ بھی کہنے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔انہوں نے ناقدین اور عام لوگوں سے قبل از وقت فیصلوں سے گریز کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ رپورٹ کو عوامی بحث کے لیے دستیاب ہونا چاہیے نہ کہ صرف کارکنوں اور دوسروں کے لیے۔ پھر اگر کوئی بات ٹھیک نہیں ہے تو اسے سامنے لانے دیا جائے، لیکن معاملے کو سمجھے بغیر کسی نتیجے پر پہنچنا درست نہیں۔شفافیت کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ذات کا سروے حکمراں کانگریس پارٹی کا ایک اہم انتخابی وعدہ رہا ہے اور اسے ذمہ داری سے پورا کیا جائے گا۔
