وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ آج انھوں نے مرکزی کابینہ کی میٹنگ کی صدارت کی جس میں 17ویں لوک سبھا کو تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی۔ موجودہ لوک سبھا کی مدت کار 16 جون کو ختم ہو رہی تھی، اور اب اگلی حکومت کی تشکیل کے لیے سرگرمیاں دیکھنے کو ملیں گی۔
مرکزی کابینہ کی میٹنگ ختم ہونے کے بعد پی ایم مودی راشٹرپتی بھون پہنچے اور انھوں نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو لوک سبھا تحلیل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے اپنا اور دیگر وزراء کا استعفیٰ نامہ سونپا۔ اس سفارش کو صدر جمہوریہ نے منظوری دے دی۔ ساتھ ہی صدر جمہوریہ نے نریندر مودی سے اگلی حکومت کی تشکیل تک بطور کارگزار وزیر اعظم ذمہ داری سنبھالنے کی گزارش کی۔
قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا کے نتائج کا اعلان ہو چکا ہے اور 543 لوک سبھا سیٹوں میں سے 240 سیٹوں پر بی جے پی و 99 سیٹوں پر کانگریس کو جیت ملی ہے۔ بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے کو 292 اور کانگریس کی قیادت والے انڈیا بلاک کو 234 سیٹیں ملی ہیں۔ نتیجوں سے واضح ہے کہ ملک میں اگلی حکومت اتحاد والی حکومت ہوگی۔ حکومت کی تشکیل کے لیے آج این ڈی اے کی میٹنگ ہونے والی ہے۔ انڈیا بلاک کی بھی آج میٹنگ ہوگی جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔