National

شدید گرمی سے ناگپور میں جھلس گئے لوگ، 56 ڈگری سلسیس تک پہنچا درجۂ حرارت

138views

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی اب جان لیوا شکل اختیار کر چکی ہے۔ درجۂ حرارت روزانہ نئے ریکارڈ بنا رہا ہے۔ دو دن قبل دہلی کے منگیش پوری میں درجۂ حرارت 52.9 ریکارڈ کیا گیا تھا، جس سے پورے ملک میں خوف پھیل گیا تھا۔ مگر اب مہاراشٹر کے ناگپور سے اس سے بھی بھیانک خبر آئی ہے۔ مہاراشٹر کی دوسری راجدھانی ناگپور میں جمعرات (30 مئی) کو درجۂ حرارت 56 ڈگری سلسیس تک ریکارڈ کیا گیا۔ اس شدید گرمی سے ناگپور کے لوگ جھلس کر رہ گئے۔

غیر متوقع طور پر بڑھنے والے اس درجۂ حرارت سے ناگپور تندور میں تبدیل ہو گیا ہے۔ لوگ گرمی سے پریشان ہیں اور سمجھ نہیں پا رہے کہ آخر اتنی گرمی کیوں اور کیسے بڑھ گئی ہے۔ درجۂ حرارت کے اس اضافے سے ہندوستان کا محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) بھی متفکر ہو گیا ہے۔ دہلی کے منگیش پوری میں درجۂ حرارت کے 52.9 ڈگری تک پہنچنے پر آئی ایم ڈی نے جانچ کا حکم دیا تھا۔ اب ناگپور میں بھی اس کی جانچ کی جا رہی ہے کہ درجۂ حرارت کی پیمائش میں کہیں کوئی غلطی تو نہیں ہوئی ہے؟

انگریزی روزنامہ ’ٹائمس آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق ناگپور میں آئی ایم ڈی کے قائم کردہ چار خودکار موسمی اسٹیشنوں میں سے دو نے غیر معمولی طور پر 50 ڈگری سیلسیس سے زیادہ درجۂ حرارت کا ریکارڈ دکھایا، جو دہلی کے ریکارڈ سے زیادہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ناگپور کے شمالی امباجھری روڈ سے دور رام داس پیٹھ میں پی ڈی کے وی کے 24 ہیکٹر کھلے کھیت کے درمیان نصب ناگپور اے ڈبلیو ایس نے 56 ڈگری سیلسیس درجۂ حرارت ریکارڈ کیا ہے۔

اس کے علاوہ سونیگاؤں کے علاقائی موسمیاتی مرکز میں درجۂ حرارت 54 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ وردھا روڈ کے قریب کھپری میں سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے کھیتوں میں واقع تیسرے موسمی اسٹیشن میں درجۂ حرارت 44 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا  جبکہ رام ٹیک اے ڈبلیو ایس میں کم سے کم 44 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں سے وسطی ہندوستان، شمالی ہندوستان اور مشرقی ہندوستان میں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ ’ریمل‘ سائیکلون کی آمد اور کیرالہ میں مانسون کی مقررہ وقت سے تین دن قبل آمد کے بعد آئی ایم ڈی نے ایک دن پہلے کہا تھا کہ اب درجۂ حرارت میں بتدریج کمی آئے گی اور مانسون کے آگے بڑھنے کے ساتھ ہی لوگوں کو راحت ملے گی۔ لیکن ناگپور میں بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت نے مقامی لوگوں کو پریشان کرنے کے ساتھ ہی بے چین بھی کر دیا ہے۔ حالانکہ کل دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 45 ڈگری کے آس پاس ریکارڈ کیا گیا جو آئی ایم ڈی کی پیشن گوئی کے مطابق ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.