جنسی استحصال معاملے میں گرفتار پرجول ریونّا کی ماں کو مشکلات کا سامنا، پوچھ تاچھ کے لیے پہنچی ایس آئی ٹی
کرناٹک جنسی استحصال معاملہ میں گرفتار رکن پارلیمنٹ پرجول ریونّا کی ماں کو بھی اب مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پرجول کی ماں بھوانی ریونّا کے گھر ایس آئی ٹی افسران پہنچ چکے ہیں۔ دراصل جنسی استحصال معاملے کی جانچ کے لیے تشکیل ایس آئی ٹی آج بھوانی ریونّا سے پوچھ تاچھ کے لیے ان کے ہولین رسیپور واقع رہائش پہنچی ہے۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا ہنوز انتظار ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس آئی ٹی نے پرجول ریونّا معاملے میں پوچھ تاچھ کے لیے بھوانی ریونّا کو نوٹس جاری کیا تھا۔ نوٹس کے تحت یکم جون کو بھوانی سے پوچھ تاچھ کی بات کہی گئی تھی۔ اس نوٹس کے خلاف بھوانی ریونّا نے مقامی عدالت میں اپیل داخل کی تھی، لیکن ان کی عرضی کو عدالت نے خارج کر دیا۔ عدالتی فیصلہ کے بعد اب ایس آئی ٹی پوچھ تاچھ کے لیے بھوانی کے گھر پہنچ چکی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پرجول ریونّا جنسی استحصال معاملہ اور فحش ویڈیو معاملہ میں ان کے والد ایچ ڈی دیونّا بھی گرفتار ہو چکے ہیں، لیکن فی الحال وہ ضمانت پر باہر ہیں۔ پرجول ریونّا فحش ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہندوستان سے فرار ہو گئے تھے اور تقریباً ایک ماہ بعد وہ جرمنی سے ہندوستان پہنچے۔ 31 مئی کو وہ جیسے ہی بنگلورو ایئرپورٹ پر اترے، پولیس نے انھیں گرفتار کر لیا تھا۔ بعد ازاں انھیں عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں سے پرجول کو 6 دنوں کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔