فاطمہ ثناء کی 3 وکٹوں اور عالیہ ریاض کے 32 رنز کا فتح میں اہم کردار، پاکستان کی نظریں وائٹ واش پر
پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے منگل کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فتح اپنے نام کر لی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کیویز کو 10 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں پاکستان نے 2-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی ہے۔
اتوار کو ڈونیڈن کی یونیورسٹی آف اوٹاگو اوول میں پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے تھی۔ یہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 آئی مقابلے میں پاکستانی خواتین کی اولین فتح تھی۔
گرین شرٹس نے منگل کو (آج) پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فاطمہ ثناء، منیبہ علی اور عالیہ ریاض کی شاندار کارکردگی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6-137 رنز بنانے کے بعد میزبان نیوزی لینڈ کو 138 رنز کا ہدف دیا۔ کیویز مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر صرف 127-7 اسکور کرنے میں کامیاب ہوئیں اور میچ 10 رنز سے ہار گئیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، “ڈونیڈن میں تاریخ رقم۔ فاطمہ ثناء نے آگ جیسی باؤلنگ کر کے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شاندار فتح حاصل کرنے میں مدد دی۔”
ثناء نے اپنے چار اوورز میں 3-22 کے اعداد و شمار حاصل کیے جبکہ سعدیہ اقبال نے 2-29 اور ندا ڈار نے اپنے چار اوورز میں 1-20 کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہننا روے نے سب سے زیادہ 24 گیندوں پر 33 رنز بنائے جبکہ جارجیا پلمر نے 28 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔
پاکستان نے 137-6 کا سکور کیا جو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 میچ میں اس کا اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ منیبہ علی نے 28 گیندوں پر 35 اور ریاض نے 22 گیندوں پر 32 رنز بنائے جنہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ سابق کپتان بسمہ معروف نے 26 گیندوں پر 21 رنز بنائے۔
ریاض نے میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، “ہم بہت خوش ہیں اور اللہ کا شکر ہے کہ ہم نے پہلی بار وائٹ فرنز (نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم) کے خلاف سیریز جیتی۔ یہ ٹیم ورک تھا اور سب نے شاندار پرفارمنس دی۔””
ریاض نے کہا، پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف 3-0 سے وائٹ واش کرنے کا ہدف ہے اور مزید کہا، اگر گرین شرٹس اسی مثبت رویے کے ساتھ کرکٹ کھیلی تو ہم تیسرا میچ بھی جیتیں گی۔”
دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا میچ 9 دسمبر بروز ہفتہ کو ہونا ہے۔