بہار میں گیا ضلع کے بودھ گیا تھانہ علاقے میں بائک پر سوار چار مجرموں نے ایک جاپانی خاتون سے دو لاکھ یین لوٹ لیے۔
پولیس ذرائع نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ جاپانی خاتون یوکو موموس کے شوہر انوپ کمار نے پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ہم جاپان جانے کے لیے بودھ گیا سے نکلے تھے اور ہمیں گیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے فلائٹ پکڑنی تھی۔ اسی وقت بودھ گیا کے ورما مونیسٹری کے قریب چار نامعلوم افراد نے ہماری کار میں کوئی چیز پھینک دی اور گاڑی میں آگ لگنے کی اطلاع دینے لگے۔ جب ہم نے گاڑی روکی تو انہوں نے ہمارے دونوں چہروں پر کوئی کیمیکل پھینک دیا جس سے ہم بے ہوش ہوگئے۔ جب ہوش آیا تو دیکھا کہ میری بیوی کے بیگ میں رکھے 2 لاکھ یین اور کچھ کاغذات غائب تھے۔
اس سلسلے میں پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آشیش بھارتی نے کہا کہ پولیس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ بودھ گیا پولیس نے اس سلسلے میں ایک مجرم کو گرفتار کیا ہے۔ اس کی شناخت کلدیپ کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ اس واقعے میں ملوث دیگر تین مجرموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جاپانی خاتون یوکو موموس نے کئی سال قبل بودھ گیا کے بکرور گاؤں کے رہنے والے انوپ کمار سے شادی کی تھی۔ یہ دونوں مل کر بودھ گیا میں ایک این جی او بھی چلاتے ہیں۔