National

اوڈیشہ اسمبلی میں 12 ارکان اسمبلی کی معطلی کے خلاف احتجاج

44views

اپوزیشن کانگریس اور بی جے ڈی ارکان کا پرتشدد احتجاج افراتفری میں تبدیل

بھونیشور، 26 مارچ (یو این آئی) اوڈیشہ اسمبلی گیٹ کے قریب اپوزیشن کانگریس اور بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے ارکان کا بدھ کو پرتشدد احتجاج افراتفری میں بدل گیا۔مشتعل کانگریس ممبران اور کارکنوں نے منگل کو پارٹی کے 12 ایم ایل ایز کی معطلی کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے اسمبلی میں داخل ہونے کی کوشش میں رکاوٹیں توڑ دیں۔ جبکہ بدھ کے روز وقفہ سوال کے دوران اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے بعد بی جے ڈی ارکان نے بھی اسمبلی احاطے سے باہر جانے کے لئے بیریکیڈزتوڑ دئے۔افراتفری کے مظاہرے کے بعد، کانگریس کے دو ایم ایل اے، تارا پرساد بہنی پتی اور رمیش جینا (جنہیں منگل کو اسپیکر سورما پادھی نے معطل نہیں کیا تھا) کو اسمبلی میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ مسٹر بہنی پتی اور مسٹر جینا دونوں جھانجھ بجاتے ہوئے اسمبلی میں داخل ہوئے اور وقفہ سوال میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ وہ رپورٹر کی میز پر چڑھ گئے اور جانجھ بجانا جاری رکھا۔اسمبلی اسپیکر نے کانگریس کے دونوں ارکان اسمبلی کو ایوان کے ویل میں جھانجھ بجانے سے منع کیا اور ان سے شائستگی برقرار رکھنے کی اپیل کی۔بعد میں انہوں نے دونوں ایم ایل ایز کا نام ان کے غیر سنجیدہ روئیے کے لیے لیا۔ تاہم، بار بار انتباہ کے باوجود، مسٹر بہنی پتی اور مسٹر جینا دونوں نے ویل میں اپنا احتجاج جاری رکھا، جس سے اسپیکرکو انہیں سات کام کے دنوں کے لیے معطل کرنے پر مجبور کیا۔ حکومت کے چیف وہپ سروج کمار پردھان کی طرف سے پیش کردہ معطلی کی تحریک کو قبول کر لیا گیا اور سپیکر نے باضابطہ طور پر ان کی معطلی کا اعلان کیا۔ معطل کیے جانے کے باوجود، مسٹر بہنی پتی اور مسٹر جینا نے ایوان سے باہر جانے سے انکار کر دیا اوراپنی معطلی کے خلاف احتجاج میں ویل میںجھا نجھر بجانا جاری رکھا۔ بدھ کو کانگریس کے ان دو ایم ایل ایز کی معطلی کے ساتھ ہی کانگریس کے تمام 14 ایم ایل ایز کو سات کام کے دنوں کے لیے ایوان سے معطل کردیا گیا ہے۔اسمبلی کے باہر کانگریس کے احتجاج کے درمیان ایوان کی کارروائی صبح 10:30 بجے شروع ہوئی اور وقفہ سوالات شروع ہوا۔ بی جے ڈی کی چیف وہپ پرمیلا ملک نے منگل کی رات ایوان کے ویل میں اسمبلی سیکورٹی عملہ کے ذریعہ معطل کانگریس ایم ایل ایز پر مبینہ حملے کے بارے میں اسپیکر سے بیان طلب کیا۔ اس کے بعد، تمام بی جے ڈی ایم ایل ایز نے ہنگامہ آرائی کے درمیان اسپیکر سے بیان کا مطالبہ کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا۔بی جے ڈی ایم ایل اے ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر ایوان سے واک آؤٹ کر گئے، رکاوٹیں توڑ دیں اور اے جی اسکوائر کے قریب امبیڈکر مجسمہ تک جلوس نکالا۔ انہوں نے تعلیم اور ملازمتوں میں او بی سی کے لیے 27 فیصد ریزرویشن کا مطالبہ کیا۔ اسی دوران اوڈیشہ سے کانگریس کے رکن اسمبلی سپتگیری الکا بھی اسمبلی گیٹ پر پہنچے اور احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔ اس کی مخالفت میں وہ الکا گیٹ کے پاس دھرنے پر بیٹھ گئے اور پارلیمنٹ میں مسئلہ اٹھانے کی دھمکی دی۔انہوں نے اوڈیشہ اسمبلی میں ان کے داخلے کو روکنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کمشنریٹ پولیس کے ڈی سی پی جگموہن مینا نے کہا کہ کانگریس کے کئی لیڈروں اور کارکنوں کو اوڈیشہ اسمبلی میں داخل ہونے کی کوشش میں تین رکاوٹیں توڑنے پر حراست میں لیا گیا ہے۔
انہوں نے بی این ایس کی دفعہ 163 کی خلاف ورزی کی ہے۔ مسٹر مینا نے کہا کہ تمام کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کو احتیاطی حراست میں لینے کے بعد صورتحال اب قابو میں ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.