سری نگر، 22 جون (یو این آئی) پہلگام دہشت گردانہ حملہ کیس میں ایک اہم پیش رفت میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام میں پہلگام سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو گرفتار کیا ہے بتادیں کہ پہلگام کی بیسرن وادی میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 25 سیاح اور ایک مقامی گھوڑے بان جاں بحق ہوا تھا این آئی اے کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا: پہلگام دہشت گردانہ حملہ کیس میں ایک اہم پیش رفت میں، قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے اس خوفناک حملے کو انجام دیا تھا جس میں 26 معصوم سیاح ہلاک اور 16 دیگر شدید زخمی ہوئے تھے ۔انہوں نے کہا: پرویز احمد جوٹھر ساکن بٹ کوٹ، پہلگام اور بشیر احمد جوٹھر ساکن ہل پارک پہلگام نامی دو افراد نے حملے میں ملوث تین مسلح دہشت گردوں کی شناخت ظاہر کی ہے، اور یہ بھی تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستانی شہری تھے جو کالعدم دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) سے وابستہ تھے ۔ان کا کہنا ہے: این آئی اے کی تحقیقات کے مطابق، پرویز اور بشیر نے دانستہ طور پر تینوں مسلح دہشت گردوں کو ہل پارک کے ایک موسمی ڈھوکہ (جھونپڑی) میں پناہ دی تھی ۔بیان میں کہا گیا: مذکورہ افراد نے دہشت گردوں کو خوراک، پناہ گاہ اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کیا تھا جنہوں نے 22 اپریل کی دوپہر کو سیاحوں کو ان کی مذہبی شناخت کی بنیاد پر چن چن کر ہلاک کر دیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ یہ اب تک کے سب سے خوفناک دہشت گردانہ حملوں میں سے ایک ہے۔ان کا کہنا ہے کہ این آئی اے، جس نے دونوں کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ 1967 کی دفعہ 19 کے تحت گرفتار کیا ہے۔
