Sports

بنگلورو ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو 134 رن کی برتری حاصل

34views

دوسرے دن اسٹمپ پر اسکور 180/3: انڈیا پہلی اننگ میں 46 رن پر آل آؤٹ ہوا

بنگلورو، 17 اکتوبر (یو این آئی) میٹ ہنری (پانچ وکٹ) اور ولیم اورورک (چار وکٹ) کی مہلک گیندبازی کے بعد ڈیون کونوے (91) کی نصف سنچری کی مدد سے نیوزی لینڈ نے بارش سے متاثرہ پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جمعرات کو تین وکٹ پر 180 رن بناکر ہندستان پر پہلی اننگز کی بنیاد پر 134 رن کی اہم برتری حاصل کر کے اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔ ہندستان کو پہلی اننگز میں صرف 46 رن پر سمیٹنے کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی نیوزی لینڈ ٹیم کے اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 67 رن کی شراکت داری کی۔ 18ویں اوور میں کلدیپ نے ٹام لیتھم (15) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں کونوے اور ول ینگ نے ٹیم کے اسکور کو 142 رن تک پہنچایا جہاں جڈیجہ نے ول ینگ (33) کو کلدیپ کے ہاتھوں کیچ کروا کر نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ حاصل کی۔ اس کے بعد اشون نے اپنی سنچری کی طرف بڑھ رہے ڈیون کونوے (91) کو بولڈ کیا اور ٹیم کا تیسرا وکٹ لیا۔ کھیل کے اختتام پر راچن رویندرا (22) اور ڈیرل مچل 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندستان کی جانب سے آر اشون، کلدیپ یادو اور رویندرا جڈیجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے پہلے آج یہاں کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان کی شروعات بہت خراب رہی جب وہ بیٹنگ کے لیے آئے اور ساتویں اوور میں کپتان روہت شرما (دو) کو ٹم ساؤتھی نے بولڈ کرکے نیوزی لینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی اور سرفراز خان (0) پویلین لوٹ گئے، اس دوران بارش کے باعث کھیل کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔ وراٹ کو ولیم او رورک اور سرفراز کو میٹ ہنری نے آؤٹ کیا۔ بارش رکنے کے بعد بلے بازی کے لیے آئے یشسوی جیسوال اور رشبھ پنت نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ 21 اووروں میں ولیم اوورکے نے یشسوی جیسوال (13) کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد ہندوستان کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔ ٹیم کے لیے رشبھ پنت نے سب سے زیادہ رن (20) بنائے۔ صورتحال ایسی تھی کہ نو ہندوستانی بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ پوری ہندوستانی ٹیم 31.2 اوور میں 46 کے اسکور پر سمٹ گئی۔ اس کے ساتھ ہی ہوم پچ پر سب سے کم اسکور بنانے کا 37 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم 1987 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دہلی ٹیسٹ میں 75 رن پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 15 رن کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ولیم او رورک نے 22 رن کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ ٹم ساؤتھی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.