این سی سی کے یومِ جمہوریہ کیمپ میں کیڈٹس سے بولے راج ناتھ سنگھ
نئی دہلی، 24 جنوری (یو این آئی) وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ غیر یقینی صورتحال سے گزر رہی دنیا میں ملک کے نوجوانوں کا جسمانی، ذہنی اور جذباتی طور پر مضبوط ہونا اور ہر طرح کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنا نہایت ضروری ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آپریشن سندور کے دوران ملک بھر میں منعقد کی گئی موک ڈرلز میں عوامی بیداری پھیلانے میں اہم رول ادا کرنے والے بہادر اور مخلص نیشنل کیڈیٹ کور (این سی سی) کے کیڈٹس سے تحریک حاصل کریں۔مسٹر سنگھ نے ہفتہ کے روز یہاں دہلی چھاؤنی میں این سی سی کے یومِ جمہوریہ کیمپ میں کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے این سی سی کو ملک کی ’دوسری دفاعی صف‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران این سی سی نے اپنی ذمہ داری غیر معمولی طور پر ادا کی، جب پورا ملک اس مہم کے دوران اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا تھا۔انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستانی مسلح افواج نے پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں واقع دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا، جو پہلگام میں ہونے والے افسوسناک اور بزدلانہ دہشت گرد حملے کا منہ توڑ جواب تھا۔ ہمارے فوجیوں نے بہادری اور ضبطِ نفس کے ساتھ کارروائی کی۔ ہم نے صرف انہی عناصر کو نشانہ بنایا جنہوں نے ہمیں نقصان پہنچایا، کسی اور کو نہیں۔ یہ اس لیے ممکن ہو سکا کیونکہ ہمارے فوجی جسمانی، ذہنی اور جذباتی طور پر مضبوط ہیں۔‘‘وزیرِ دفاع نے نوجوانوں کا موازنہ مہابھارت کے ابھیمنیو سے کیا، جو کسی بھی طرح کے چکر ویو میں داخل ہونا اور اس سے فتح یاب ہو کر باہر نکلنا جانتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے حکومت کے ’وکست بھارت 2047‘ کے وژن کو حقیقت میں بدلنے میں اپنا رول ادا کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ ’’ہم ایسے دور میں داخل ہو چکے ہیں جہاں نوجوانوں سے توقعات بڑھ گئی ہیں۔ وہ ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ملک کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی ذمہ داری انہی کے کندھوں پر ہے۔‘‘تقریب کے دوران ایک ’النگرن سماروہ‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شاندار کارکردگی اور فرض شناسی کے اعتراف میں کیڈٹس کو وزیرِ دفاع میڈل اور تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔ اس سال وزیرِ دفاع میڈل جموں و کشمیر اور لداخ ڈائریکٹوریٹ کی کیڈٹ ارپن دیپ کور اور مغربی بنگال و سکم ڈائریکٹوریٹ کے کیڈٹ پالدین لیپچا کو عطا کیا گیا۔تعریفی اسناد کرناٹک و گوا ڈائریکٹوریٹ کی پیٹی آفیسر لیشا دیجپا سوورنّا، مدھیہ پردیش و چھتیس گڑھ ڈائریکٹوریٹ کے جونیئر انڈر آفیسر پون بھاگل، شمال مشرقی خطہ ڈائریکٹوریٹ کی کارپورل رادھا دورجی اور اتراکھنڈ ڈائریکٹوریٹ کے کیڈٹ پرنس سنگھ رانا کو دی گئیں۔وزیرِ دفاع نے این سی سی کے تینوں شعبوں سے آئے ہوئے کیڈٹس کی جانب سے پیش کیے گئے شاندار ’گارڈ آف آنر‘ کا بھی معائنہ کیا۔
