احمد آباد سائبر کرائم برانچ نے مہاراشٹر سے دو ملزمین کو گرفتار کیا
احمد آباد، 19 فروری (ہ س)۔ احمد آباد سائبر کرائم برانچ نے راجکوٹ کے اسپتال سے چیک اپ کے دوران خواتین کی سی سی ٹی وی فوٹیج بیچنے کے معاملے میں مہاراشٹر سے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ دونوں ملزمان ایسی فوٹیج سوشل میڈیا پر فروخت کرکے بھاری رقم کما لیتے تھے۔ گرفتار ملزمان کے نام پرگنیش پاٹل اور پرجول تیجی ہیں۔ پولیس کی ایک ٹیم دیگر ملزمان کی تلاش میں اتر پردیش گئی ہے۔ دوسری جانب راجکوٹ اسپتال انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کو آئی پی ایڈریس کے ذریعے ہیک کیا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ اسپتال میں علاج اور چیک اپ کے دوران خواتین کی کچھ نجی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی تھیں۔ اس کے بعد جب احمد آباد کرائم برانچ نے تحقیقات شروع کی تو پتہ چلا کہ یہ ویڈیو راجکوٹ کے پائل اسپتال کا ہے۔ سائبر کرائم برانچ کے اے سی پی ہاردک منکاڈیا نے کہا کہ سائبر کرائم کے پیش نظر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ سائبر کرائم آئی ٹی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کی جارہی ہے۔ پائل اسپتال کے میٹرنٹی ہوم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سنجے دیسائی نے کہا کہ ان کے بہت سے گائناکالوجسٹ ہسپتال سے وابستہ ہیں۔ یہ سارا واقعہ اس کے علم میں نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے اسپتال کے سی سی ٹی وی کو ہیک کر لیا ہے۔ ہم اس کی شکایت کریں گے۔
