محض وقف ترمیمی قانون کی مخالفت کرنے پر مسلمان سیکولر پارٹیوں کوووٹ نہیں دیں گے ساجد ملک
نئی دہلی، 27مئی (یو این آئی):بہار میں آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخاب میں مہاگٹھبندھن سے مسلمانوں کوان کی آبادی کے حساب سے نشست دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سماجی کارکن اور کانگریس کے سینئرلیڈر ساجد ملک نے کہاکہ مناسب حصہ داری کے بغیر محض وقف ترمیمی قانون کی مخالفت کرنے پر مسلمان ووٹ نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ بہار میں مسلمانوں کی آبادی تقریباً 18فیصد ہے اور اس کے حساب سے اسمبلی میں 46 نشستیں ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مہاگٹھبندن کو کم از کم 45نشستیں دینی ہی چاہئے وہ بھی اس سیٹ سے جہاں سے مسلمان جیت سکیں۔ وہ سیٹ نہیں جو محض خانہ پری کے لئے دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بہار میں یادو، کرمی، بھومیہار،برہمن، ٹھاکر اور دیگر ذات والے کو ان کی تناسب سے بہت زیادہ نشستیں دی جاتی ہیں۔ جب کہ مسلمانوں کو مسلسل نظر انداز کیا جاتارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ لوک سبھا کا الیکشن یا راجیہ سبھاکایا ایم ایل سی کا ہو، ہمیشہ مسلمانوں کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ تمام سیکولر پارٹیاں مسلمانوں کو نظر انداز کرنے کا وطیرہ ترک کردیں۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی کا بھی یہی نعرہ ہے کہ ’جس کی جتنی بھاگیداری اس کی اتنی حصہ داری‘۔ پھر مسلمانوں کو انتخابات میں ٹکٹ دینے میں اس فارمولا پر عمل کیوں نہیں کیاجاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ انتخابات میں جہاں کانگریس مختلف جگہوں پر مسلمانوں کا ٹکٹ کاٹ رہی تھی وہیں دوسری طرف آر جے ڈی بھی مسلمانوں کو ٹکٹ دینے سے گریز کررہی تھی۔ اس کا مقصد پارلیمنٹ میں مسلمانوں کی نمائندگی کو کم کرنا تھا۔مسٹر ساجد ملک نے کہاکہ سیکولر پارٹیاں خاص طور پر کانگریس، آر جے ڈی، آپ، جے ایم ایم وغیرہ نے جس طرح وقف ترمیمی قانون کی شدت سے مخالفت کی ہے، مسلمان اس کے لئے شکر ہیں لیکن اس کی آڑ میں مسلمانوں کی نمائندگی میں کمی اوراسمبلی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم میں نظر انداز کئے جانے کو کسی بھی حالت میں قبول نہیں کریں گے۔مسلمانوں کے تئیں سیکولر پارٹیوں کے رو یے سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ دونوں پارٹیاں مسلم ووٹ کو اپنا جاگیر سمجھ رہی ہیں اور شراکت دینے سے گریز کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس طرح پارٹیوں نے مسلمانوں کو حاشیہ پر دھکیلنے اور اس کی نمائندگی کم کرنے کا تہیہ کرلیا ہے۔ اگر مسلمانوں کی نمائندگی کم ہوگی تو مسلمانوں کی ترقی ٹھپ ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس، آر جے ڈی، جے ایم ایم اور دیگر سیکولر پارٹیاں کب تک بی جے پی سے خوف دلاکر مسلمانوں کا ووٹ حاصل کرتی رہیں گی اور شراکت کے بجائے مسلما نوں کی نمائندگی کم کرتی رہیں گی۔
