ممبئی پولس کمشنر دیوین بھارتی سے ابوعاصم اعظمی کی ملاقات،شرپسندوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
ممبئی28 اکتو بر (راست)ممبئی پولس کمشنر دیوین بھارتی سے ملاقات کے دوران اعظمی نے مفتی سلمان ازہری پر بے جا پابندی کو غلط قرار دیا ہے ۔ مہاراشٹر سماجوادی پارٹی لیڈر اور رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ مفتی سلمان ازہری پر ہی ساری پابندی کیوں ہے جب وہ گوونڈی شیواجی نگر میں خطاب کےلئے مدعو کئے جاتے ہیں تو انہیں اجازت نہیں دی جاتی جبکہ فرقہ پرست لیڈران نتیش رانے ، کریٹ سومیا سرعام فرقہ پرستی اور مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کرتے ہیں اس کے باوجود ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی جو سراسر غلط ہے انہوں نے کہا کہ مفتی سلمان ازہری کو ممبئی کے دیگر علاقوں میں پروگرام کےلیے اجازت دی جاتی ہے ابھی ملاڈ میں سلمان ازہری کو اجازت دی گئی لیکن گوونڈی میں اجازت نہیں دی گئی ہے البتہ سپریم کورٹ نے یہ واضح کیا ہے کہ سلمان ازہری نے کوئی بھی اشتعال انگیز تقاریر نہیں کی ہے اس کے باوجود سلمان ازہری پر پابندی عائد کی جارہی ہے ۔ وزیر داخلہ امیت شاہ کی بنگلہ دیشی مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی پر اعظمی نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کی ذمہ داری سرکار کی ہے جو بھی غیر قانونی باشندہ ممبئی یا ریاست اور ملک میں داخل ہوتا ہے اس کے خلاف کارروائی ہو اور اسے ملک بدر کیا جائے جبکہ سرکار نفرت کو فروغ دے رہی ہے۔ سپریم کورٹ نے ہیٹ اسپیچ کے کیس میں یہ کہا ہے کہ سرکار ایسے معاملات پر سخت کارروائی کرے جبکہ سرکاروں کی سرزنش بھی کی ہے ۔ ممبئی پولس کمشنر سے ملاقات کے دوران اعظمی نے فرقہ پرستوں اور شرپسندوں کے خلاف سخت کا مطالبہ کیا ہے اور سپریم کورٹ کے ہیٹ اسپیچ کے رہنمایانہ اصول پر عمل کرنے کی درخواست کی ہے ۔ جس پر دیوین بھارتی نے اس مسئلہ پر ضروری اقدام کی یقین دہانی کروائی ۔
