این ڈی اے اور انڈیا اتحاد کے امیدوار آمنے سامنے
پارلیمنٹ کے 781 ممبران ووٹ ڈالیں گے:جیتنے کے لیے کم از کم 391 ووٹ کی ضرورت
نئی دہلی، 8 ستمبر (یو این آئی) نائب صدر کے عہدے کے لیے منگل کو ووٹنگ ہوگی جس میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان حصہ لیں گے۔اس الیکشن میں لوک سبھا کے 542 موجودہ ممبران اور راجیہ سبھا کے 239 موجودہ ممبران ہی ووٹ ڈال سکیں گے۔ اس طرح الیکٹورل کالج میں اس وقت 781 ممبران ہیں اور کسی بھی امیدوار کو جیتنے کے لیے کم از کم 391 ووٹ درکار ہوں گے۔ نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ووٹنگ ہوگی اور ووٹوں کی گنتی شام 6 بجے سے شروع ہوگی۔ نائب صدر کے انتخاب کے لیے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو نامزد کیا ہے جبکہ انڈیا الائنس نے سپریم کورٹ کے سابق جج بی سدرشن ریڈی کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں نمبروں کی بنیاد پر نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو واضح اکثریت حاصل ہے اور اس وجہ سے اس کے امیدوار کی برتری نظر آتی ہے۔پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے تمام اراکین پارلیمنٹ نائب صدر کے انتخاب کے لیے الیکٹورل کالج میں ووٹ ڈالتے ہیں۔ لوک سبھا میں ارکان کی کل تعداد 543 ہے لیکن ایک نشست خالی ہونے کی وجہ سے 542 ارکان ہی ووٹنگ میں حصہ لے سکیں گے۔ راجیہ سبھا میں ارکان کی کل تعداد 245 ہے جبکہ چھ نشستیں خالی ہیں جس کی وجہ سے 239 ارکان ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ اس طرح ووٹ دینے کے اہل ارکان کی کل تعداد 781 ہے۔ کسی بھی امیدوار کو الیکشن جیتنے کے لیے کم از کم 391 ووٹ درکار ہوں گے۔دونوں ایوانوں میں طاقت اور سیاسی مساوات کو دیکھتے ہوئے این ڈی اے کے پاس لوک سبھا میں 293 اور راجیہ سبھا میں کم از کم 134 ممبران پارلیمنٹ ہیں۔ اس کی وجہ سے این ڈی اے کے پاس کم از کم 427 ووٹوں کا ٹھوس اعداد و شمار ہے، جو کہ اکثریت کے لیے درکار 391 ووٹوں کے اعداد و شمار سے بہت زیادہ ہے۔ اس طرح این ڈی اے کے امیدوار سی پی رادھا کرشنن کے جیتنے کا قوی امکان ہے۔انڈیا الائنس کے لوک سبھا میں 249 اور راجیہ سبھا میں 105 ممبران پارلیمنٹ ہیں۔ اس طرح اس اتحاد کے پاس کل 354 ووٹ ہیں جو کہ اکثریت کے لیے درکار 391 کے اعداد و شمار سے کم ہیں۔ یہاں تک کہ اگر انڈیا اتحاد وائی ایس آر کانگریس اور بیجو جنتا دل جیسی چھوٹی پارٹیوں کو اپنی جانب کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے، تب بھی یہ جیت کے جادوئی نمبر سے دور ہوگا۔
