ہومNationalنائب صدرجمہوریہ، وزیراعظم، کانگریس صدر نے پلوامہ کے شہداء کو خراج عقیدت...

نائب صدرجمہوریہ، وزیراعظم، کانگریس صدر نے پلوامہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

نئی دہلی، 14 فروری (یو این آئی) نائب صدرجمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، وزیرِاعظم نریندر مودی، کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے اور متعدد دیگر رہنماؤں نے ہفتہ کے روز پلوامہ دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے بہادر سکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔نائب صدر رادھا کرشنن نے پلوامہ دہشت گرد حملے میں جان گنوانے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی قربانی ملک ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قربانی ہر شہری کو مضبوط اور محفوظ ہندستان کی تعمیر کے لیے کام کرنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔وزیرِ اعظم مودی نے 2019 میں اسی دن پلوامہ میں اپنی جان نچھاور کرنے والے بہادر سپاہیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے تئیں ان کی وفاداری، عزم اور خدمت ہماری اجتماعی یادداشت میں ہمیشہ زندہ رہے گی اور ہر ہندستانی ان کے حوصلے سے تحریک حاصل کرتا رہے گا۔امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیرِ امت شاہ نے پلوامہ حملے میں شہید جوانوں کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے اور ہندستان اس کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے والے سکیورٹی فورسز اور ایجنسیوں کی قربانیوں کا ملک ہمیشہ مقروض رہے گا۔وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی پلوامہ کے شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 14 فروری 2019 کے بزدلانہ دہشت گرد حملے میں جان گنوانے والے سی آر پی ایف جوانوں کی قربانی کو ملک ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان دہشت گردی سے نمٹنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے نے کہا کہ شہید جوانوں کی بہادری اور ملک کے لیے ان کی قربانی ہمیشہ امر رہے گی اور ملک انہیں کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سمیت کئی رہنماؤں نے بھی پلوامہ حملے کی ساتویں برسی پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بھارت ماتا کی حفاظت کے لیے دی گئی ان کی قربانی کو ملک کبھی فراموش نہیں کرے گا۔قابلِ ذکر ہے کہ 14 فروری 2019 کو جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع میں سی آر پی ایف کے قافلے پر ہونے والا خودکش حملہ حالیہ تاریخ میں ہندستانی سکیورٹی فورسز پر سب سے مہلک حملوں میں شمار ہوتا ہے۔ ایک خودکش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی قافلے سے ٹکرا دی تھی، جس کے نتیجے میں 40 جوان شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ پاکستان میں قائم دہشت گرد تنظیم جیشِ محمد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version