الہ آباد:15دسمبر(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع الہ آباد میں پیر کو مقابلہ جاتی امتحانات کے امیدواروں کی جانب سے اتر پردیش پبلک سروس کمیشن (یو پی پی ایس سی) کے احاطے کے گھیراؤ اور احتجاج کے پیش نظر پولیس انتظامیہ الرٹ پر ہے۔پبلک سروس کمیشن کے پورے علاقے کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ وہاں پولیس کے ساتھ ساتھ آر اے ایف کے جوانوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ ڈرون کیمروں کے ذریعے پورے علاقے کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ امیدوار کمیشن میں مبینہ بدعنوانی کے خلاف آج بڑی تحریک چلا رہے ہیں۔امیدواروں نے صبح 11:00 بجے یو پی پبلک سروس کمیشن کے گیٹ نمبر 2 پر احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے پیش نظر انتظامیہ نے پورے علاقے کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا تاکہ کمیشن کے سامنے کوئی احتجاج نہ ہو سکے۔’سنیکت پرتیوگی چھاتر ہنکارمنچ‘ کی جانب سے تحریک کا پوسٹر بھی جاری کیا گیا تھا۔ امیدواروں کا مطالبہ ہے کہ کمیشن کی بھرتی کے امتحانات میں شفافیت لائی جائے۔ امیدوار پی سی ایس 2024 ابتدائی اور آر او و اے آر او 2023 ابتدائی امتحان سے متعلق مسائل پر ناراض ہیں۔الزام ہے کہ کمیشن کی جانب سے حتمی نتائج کے اعلان کے باوجود ترمیم شدہ جواب کی ’کی‘ جاری نہیں کی گئی تھی۔ تمام زمروں کے کٹ آف اور امیدواروں کے حاصل کردہ نمبرات پبلک نہیں کیے جا رہے ہیں۔ امیدوار مطالبہ کر رہے ہیں کہ مختلف بھرتیوں میں ابتدائی امتحان میں 15 گنا تک امیدواروں کو کامیاب قرار دیا جائے۔ امیدوار اپنے نمبرات شائع کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔یہ تحریک ’سنیکت پرتیوگی چھاتر ہنکارمنچ‘ کے کنوینر پنکج پانڈے کی قیادت میں ہو رہی ہے۔ پنکج پانڈے نے تحریک کو پرامن طریقے سے چلانے کی بات کہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اگر تحریک کے حوالے سے سیاست ہوئی یا تشدد کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ اسے ملتوی کر دیں گے۔
