آئی سی سی ویمنس ورلڈ کپ میں کھیل رہی کھلاڑیوں کے ساتھ پیش آیا واقعہ
اندور(مدھیہ پردیش)، 25 اکتوبر:۔ (ایجنسی) مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں شریک آسٹریلیائی ٹیم کی دو خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی۔واقعہ جمعرات کی صبح تقریباً 11 بجے کھجرانہ روڈ پر اس وقت پیش آیا جب دونوں کھلاڑی ہوٹل ریڈیسن بلو سے ایک کیفے کی طرف جا رہی تھیں۔اسی دوران سفید قمیض اور کالی ٹوپی پہنے ایک موٹر سائیکل سوار ان کے قریب آیا اور ایک کھلاڑی کو نامناسب طریقے سے چھوا۔ دونوں کھلاڑی خوفزدہ ہو کر فوراً ہوٹل واپس لوٹیں اور سیکورٹی حکام کو اطلاع دی۔ آسٹریلیائی ٹیم کے سیکورٹی افسر ڈینی سمنز نے فوراً مقامی پولیس سے رابطہ کیا اور کھلاڑیوں کی لائیو لوکیشن شیئر کی۔ایم آئی جی تھانے میں شکایت درج کر لی گئی اور پانچ تھانوں – وجے نگر، کھجرانہ، پردیشی پورہ، کناڑیہ اور ایم آئی جی – کی مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی۔پولیس نے جائے وقوعہ کے قریبی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے ملزم کی شناخت کی، جو بعد میں کھجرانہ کے رہائشی عقیل عرف نائٹرا کے طور پر سامنے آیا۔پولیس نے جمعے کی شام اسے گرفتار کر لیا۔ عقیل کی عمر تقریباً 30 سال بتائی جا رہی ہے اور اس کا مجرمانہ ریکارڈ بھی ہے۔ کرائم برانچ کے ایڈیشنل ڈی سی پی راجیش دنڈوتیا نے تصدیق کی کہ مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔پولیس کمشنر سنتوش کمار سنگھ نے انٹیلی جنس افسران کی میٹنگ طلب کی اور حفاظتی اقدامات پر نظرِثانی کا حکم دیا۔ قابل ذکر ہے کہ ون ڈے خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کا 26 واں میچ ہفتہ کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا گیا جس میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو سات وکٹ سے شکست دی۔
