ہومNationalتریپورہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کو جون تک گرام پریشد انتخابات...

تریپورہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کو جون تک گرام پریشد انتخابات مکمل کرانے کی یقین دہانی کرائی

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

اگرتلہ، 19 مارچ (یو این آئی) تریپورہ ریاستی الیکشن کمیشن (ایس ای سی) نے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ گرام پریشد انتخابات اس برس جون کے آخر تک مکمل کر لیے جائیں گے، جن میں نتائج کا اعلان بھی شامل ہوگا۔سپریم کورٹ نے بدھ کے روز تریپورہ قبائلی علاقہ خود مختار ضلع کونسل (اے ڈی سی) سے متعلق دو اہم معاملات کی سماعت کی۔ پہلا معاملہ ملتوی شدہ گرام پریشد انتخابات کا تھا اور دوسرا ریاستی حکومت کے پاس زیر التوا مالیاتی بل سے متعلق ہے۔ طویل عرصے سے زیر التوا گرام پریشد انتخابات سے متعلق یہ معاملہ ’ٹپرا موتھا‘ کے بانی اور شاہی خاندان کے رکن پردیوت کشور دیب برما کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔ اس معاملے کی سماعت جسٹس منوج مشرا اور جسٹس منموہن کی دو رکنی بنچ نے کی۔ انتخابات کے سلسلے میں ریاستی الیکشن کمیشن نے مجوزہ وقت کی تفصیلات کے ساتھ حلف نامہ پیش کیا۔سپریم کورٹ نے انتخابی پروگرام کو قبول کرتے ہوئے ہدایت دی کہ یہ پوری کارروائی عدالت کی نگرانی میں ہوگی۔ ساتھ ہی عدالت نے اگلی سماعت کی تاریخ 20 مئی مقرر کی ہے۔اس پورے معاملے پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے مسٹر پردیوت نے کہا کہ سپریم کورٹ کی مداخلت کے باعث تقریباً دس برس کے طویل انتظار کے بعد جون میں گرام پریشد کے انتخابات ہوں گے۔ اس سے قبائلی برادری کو آخرکار انصاف مل سکے گا۔ ریاستی حکومت کے پاس زیر التوا اے ڈی سی بلوں سے متعلق ایک الگ معاملے میں سپریم کورٹ نے اے ڈی سی کی پیش کردہ رٹ درخواست قبول کر لی ہے۔ امید ہے کہ جلد ہی متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیے جائیں گے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.