نئی دہلی؍ممبئی، 5 دسمبر (ہ س) :۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے پالیسی ریٹ ریپو ریٹ میں 0.25 فیصد کمی کرتے ہوئے اسے 5.25 فیصد کر دیا ہے۔ گورنر سنجے ملہوترا نے مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی میٹنگ کے بعد فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کمیٹی نے یہ قدم معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے پیشِ نظر اٹھایا ہے۔گورنر کے مطابق رواں مالی سال 2025-26 کے لیے اقتصادی ترقی کی پیشن گوئی 6.8 فیصد سے بڑھا کر 7.3 فیصد کر دی گئی ہے، جبکہ افراطِ زر (مہنگائی) کی پیش گوئی 2.6 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد کر دی گئی ہے۔ایم پی سی کی یہ تین روزہ میٹنگ 3 دسمبر سے شروع ہوئی تھی۔ اس سے قبل فروری سے جون تک آر بی آئی ریپو ریٹ میں مجموعی طور پر 1 فیصد کمی کر چکا ہے، جب کہ گزشتہ دو میٹنگوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ اب یہ شرح 5.50 فیصد سے کم ہو کر 5.25 فیصد پر آ گئی ہے۔
