نئی دہلی، 30 جون (ہ س)۔ ہول دیوس کے پرمسرت موقع پر، وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ہندوستان کے قبائلی سماج کی بے مثال ہمت اور غیر معمولی بہادری کو سلام پیش کیا۔ تاریخی سنتھال انقلاب کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے قابل احترام مجاہد ین آزادی - سدو کانہو، چاند بھیرو اور پھول- جھانو کے ساتھ ساتھ دیگر بے شمار بہادر قبائلی شہدا کی لازوال وراثت کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے غیر ملکی حکمرانی کے ظلم کے خلاف اپنی جانیں قربان کیں۔ وزیر اعظم نے ایکس پر ایک پوسٹ میں،لکھا، ’’ہول دیوس ہمیں ہمارے قبائلی معاشرے کی بے مثال ہمت اور حیرت انگیز بہادری کی یاد دلاتا ہے۔ تاریخی سنتھال انقلاب سے متعلق اس خاص موقع پر، میں سیدو کانہو، چاند بھیرو اور پھول جھانو کے ساتھ ان تمام مردوں اور عورتوں کو دل سے سلام اورعقیدت پیش کرتا ہوں ، جنہوں نے غیر ملکی حکومت کے مظالم کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کر دیں۔ ان کی بہادری کی داستان ملک کی ہر نسل کو مادر وطن کے وقار کے تحفظ کی ترغیب دیتی رہے گی۔ قابل ذکر ہے کہ ہول دیوس ہر سال 30 جون کو 1855 کی سنتھال انقلاب کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ یہ برطانوی نوآبادیاتی حکمرانی اور جاگیردارانہ زمینداری نظام کے خلاف پہلی قبائلی بغاوت تھی۔ اس تحریک کی قیادت بنیادی طور پر سدھو کانہو نے کی تھی۔