ایک لاکھ کروڑ روپے کے منصوبے کا آغاز کیا
نئی دہلی، 03 نومبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز یہاں ابھرتی ہوئی سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع سے متعلق کانفرنس کا افتتاح کیا اور تحقیق، ترقی اور اختراع سے متعلق ایک لاکھ کروڑ روپے کے منصوبے کا آغاز کیا، جس کا مقصد ہندوستان کو جدید ترین سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا کے سرکردہ ممالک میں شامل کرنا ہے۔اختراع کے شعبے میں عالمی سپر پاور بننے کی سمت میں ہندوستان کے سفر میں ایک اہم سنگ میل مانی جانے والی اس کانفرنس میں، مسٹر مودی نے نوبیل انعام یافتگان، معروف سائنس دانوں سمیت تعلیم، صنعت، حکومت اور تحقیقی اداروں کے تین ہزار سے زیادہ شرکاء کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہندوستان میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔وزیر اعظم نے ماہرین سے اپیل کی کہ وہ انسانیت کے سب سے سنگین چیلنجوں سے اختراع کے ذریعے نمٹنے میں تعاون کریں۔ مسٹر مودی نے ملک کی حالیہ کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے ملک کے سب سے زیادہ وزنی مواصلاتی سیٹلائٹ کے کامیاب لانچ کی تعریف کی اور خواتین عالمی کپ میں ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی تاریخی جیت پر خوشی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارے نوجوان ایتھلیٹ اور سائنس دان ہمارے ملک کے لیے فخر کے غیر معمولی باب لکھ رہے ہیں۔‘‘وزیر اعظم نے اہم سرکاری پہلوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ’نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن‘،’ کوشل بھارت مشن‘ اور ’نیشنل کریئر سروس پلیٹ فارم ‘کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ لاکھوں نوجوانوں کو ہنر اور مواقع کے ذریعے بااختیار بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا، ’’پہلی بار انتہائی پُرخطر اورمٔوثر ترین منصوبوں کے لیے سرمایہ دستیاب کرایا جا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے تحقیق و اختراع سے متعلق جرأت مندانہ منصوبے میں نجی شعبے کے کردار کو بڑھانے پر زور دیا۔مسٹر مودی نے سائنس، ریاضی اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت کا ذکر کیا اور کہا کہ خواتین کی طرف سے سالانہ پیٹنٹ داخل کرنے کی تعداد ایک دہائی پہلے 100 سے بھی کم تھی جو آج بڑھ کر پانچ ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستانی خواتین سائنس دانوں کو عالمی پہچان مل رہی ہے جو ہماری ترقی کا ثبوت ہے۔‘‘اخلاقی اور شمولیاتی اختراع پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے انڈیا اے آئی مشن کے بارے میں بھی تفصیل سے بات کی، جس میں مصنوعی ذہانت کے لیے انسان پر مرکوز مصنوعی ذہانت کا بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کے لیے دس ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری شامل ہے۔ نہوں نے اعلان کیا کہ ہندوستان ان کوششوں میں تیزی لانے کے لیے فروری 2026 میں عالمی اے آئی سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔اس کانفرنس میں جدید مواد، حیاتیاتی تیاری، نیلگوں معیشت، ڈیجیٹل مواصلات، کوانٹم سائنس اور خلائی ٹیکنالوجی جیسے اہم موضوعات کو شامل کیا گیا ہے، جس سے سائنس دانوں، اختراع کاروں، پالیسی سازوں اور صنعت کے رہنماؤں کے مابین تعاون کو فروغ ملے گا۔مسٹر مودی نے ’جے وگیان، جے انوسندھان‘ کے جذبے کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس ہندوستان کے اختراع کےسفر کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی اور ٹیکنالوجی میں یکسر تبدیلی والے سرکردہ ملک کے طور پر اس کے کردار کی تصدیق کرے گی۔مرکزی وزیر جیتیندر سنگھ، پرنسپل سائنسی مشیر پروفیسر اجے کمار سود، نوبیل انعام یافتہ سر آندرے گیم اور دیگر معزز شخصیات نے کانفرنس میں شرکت کی۔
