ہریدوار، 2 نومبر (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اتوار کے روز کہا کہ ہمالیہ کے اس علاقے سے بے شمار ندیاں نکلتی ہیں اور یہاں سے علم و عرفان کی گنگا کی کئی شاخیں بھی بہتی ہیں، یہ خواتین کی قیادت میں آگے بڑھنے والے ترقی یافتہ ہندوستان کی ایک ابتدائی جھلک ہے۔صدر جمہوریہ نے یہاں پتنجلّی یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقد دوسرٰی تقریب برائے اسناد تقسیم میں 10 طلبہ کو شاندار نمبروں کے ساتھ گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن امتحان میں کامیابی حاصل کرنے پر طلائی تمغے عطا کیے، ان میں زیادہ تر طالبات تھیں۔ تقریب میں کل 1424 طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں، جن میں 744 نے گریجویشن اور 615 نے پوسٹ گریجویشن مکمل کیا۔ ان کے علاوہ 54 طلبہ کو طلائی تمغے، تین کو ‘ودیا واچسپتی، اور 62 محققین کو ان کی تحقیقی ڈگری ‘ودیا واری دھی،دی گئی۔صدر جمہوریہ نے اپنی تقریر میں تمام ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کو دلی مبارکباد اور دعائیں دیں اور تمغہ حاصل کرنے والوں کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی زندگی کے تعمیری سفر میں شریک اساتذہ اور والدین کو بھی میں مبارکباد دیتی ہوں، اور طالبات کے والدین کی خصوصی تعریف کرتی ہوں۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ ،مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ آج ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ میں 64 فیصد بیٹیاں ہیں،۔ ،تمغہ حاصل کرنے والی لڑکیوں کی تعداد لڑکوں کے مقابلے میں چار گنا زیادہ ہے، یہاں تعلیم حاصل کرنے والے کل طلبہ میں طالبات کی شرح 62 فیصد ہے۔یہ صرف اعداد و شمار نہیں، بلکہ خواتین کی قیادت میں ترقی یافتہ ہندوستان کی ایک روشن تصویر ہے،۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ ۔یہ یونیورسٹی یوگ اور آیوروید کی تعلیم کو ترجیح دیتی ہے، ساتھ ہی سائنس اور روحانیت کے امتزاج سے پُرامن طرزِ زندگی اختیار کرنے کی رہنمائی بھی کرتی ہے،۔ ،تعلیم کا یہ راستہ آپ کی شخصیت کی تعمیر میں مددگار ہے اور پورے معاشرے کے لیے فائدہ مند ہے۔
