کولکاتہ/نئی دہلی، 30 دسمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو کہا کہ مغربی بنگال کے عوام ترنمول کانگریس حکومت کی ’بدانتظامی‘ سے بیزار ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو دو تہائی اکثریت سے کامیابی ملے گی۔ریاست کے دورے پر آئے ہوئے مسٹر شاہ نے کولکاتہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مغربی بنگال کے عوام ممتا بنرجی کی 14 سالہ بدانتظامی سے تنگ آکر تبدیلی کا ذہن بنا چکے ہیں۔ انہوں نے امن و امان، خواتین کے تحفظ، صنعتوں کے ریاست سے باہر جانے، ترقی کی شرح میں گراوٹ اور فی کس آمدنی میں کمی سمیت کئی اہم مسائل پر ممتا حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔مسٹر شاہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ اپریل میں ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں عوام خوف، بدعنوانی، بدانتظامی اور دراندازی کو فروغ دینے والی ترنمول کانگریس کو کنارے لگا کر ترقی غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک مضبوط حکومت بنانے کا عہد کر چکے ہیں۔مسٹر شاہ نے مزید کہا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہم بنگال کے عوام کو یقین دلانا چاہتے ہیں اور وعدہ بھی کرتے ہیں کہ ریاست میں بی جے پی کی حکومت بنتے ہی یہاں کے ثقافتی ورثے کو بحال کیا جائے گا، ترقی کا عمل تیز ہوگا اور غریبوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے گی۔‘‘انہوں نے کہا کہ ممتا راج میں پچھلے 14 سال سے خوف اور بدعنوانی بنگال کی پہچان بن چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، ’’15 اپریل 2026 کو بنگال میں بی جے پی کی حکومت بننے کے ساتھ ہی ہم ’بنگو گرو‘ (بنگال کا فخر)، بنگالی ثقافت اور اس کے نئے دور کاآغاز کریں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بی جے پی مغربی بنگال کو سوامی وویکانند، بنکم چندر چٹرجی، گرو دیو رابندر ناتھ ٹیگور اور شیاما پرساد مکھرجی کے خوابوں کا بنگال بنانے کی کوشش کرے گی۔
