ہومNationalاپوزیشن نے ووٹ چوری کا الزام لگایا،

اپوزیشن نے ووٹ چوری کا الزام لگایا،

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

حکمراں پارٹی نے کہا کانگریس کے دور میں ہوئی تھی شروعات

نئی دہلی، 16 دسمبر (یو این آئی) اپوزیشن جماعتوں نے راجیہ سبھا میں منگل کو حکمراں پارٹی پر ووٹ چوری کا الزام لگایا، جس کے جواب میں حکمراں پارٹی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے پہلے عام انتخابات کے دوران اس کی شروعات کی تھی۔پچھلی میٹنگ میں ادھوری رہ جانے والی انتخابی اصلاحات پر بحث کو جاری رکھتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے رام جی نے کہا کہ اخبارات میں امیدوار کی مجرمانہ تاریخ شائع کرنے کی ذمہ داری امیدوار اور سیاسی پارٹی کو دی گئی ہے۔ بعض اوقات امیدوار پارٹی سے بھی یہ معلومات چھپاتے ہیں۔ اس لیے سیاسی جماعتوں کو اس ذمہ داری سے آزاد کیا جانا چاہیے۔جھارکھنڈ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے پردیپ کمار ورما نے کہا کہ ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کافی عرصے سے نہیں ہوئی تھی اور یہ ضروری ہو گیا تھا۔ اس سے بوگس ووٹنگ کو روکا جا سکے گا۔شیوسینا-یو بی ٹی کی پرینکا چترویدی نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے دوران ووٹ چوری کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات سے اسمبلی انتخابات تک 48 لاکھ ووٹربڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ووٹ چوری سے کام نہیں بنتا تو پارٹی چوری ہوتی ہے اور جب اس سے بھی بات نہیں بنتی تو چندہ چوری کرتے ہیں۔ جو کمپنیاں حکمران جماعتوں کو چندہ دیتی ہیں ان کو انعام دیا جاتا ہے اور جو اپوزیشن جماعتوں کو چندہ دیتی ہیں ان کے خلاف مرکزی ایجنسیوں کو لگادیاجاتا ہے۔حالیہ برسوں میں انتخابی اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے، مدھیہ پردیش سے بی جے پی کی سمترا بالمیکی نے کہا کہ ماضی میں، اگر کسی اسکول ٹیچر کو انتخابی ڈیوٹی سونپی جاتی تھی، تو اس کے گھر میں ماتم چھا جاتا تھا – نہ جانے خاندان کا واحد کمانے والا فرد صحیح سلامت واپس آئے گا یا نہیں۔ آج خواتین اور نوجوان لڑکیاں بغیر کسی خوف کے قطاروں میں کھڑے ہوکر اپنا ووٹ ڈالتی ہیں۔کیرالہ سے انڈین یونین مسلم لیگ کے حارث بیرن نے ووٹنگ کے حقوق کو آئین کے تحت بنیادی حق بنانے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے گھر سے دور اور بیرون ملک میں بھی روزی کمانے والوں کے لیے بھی ووٹنگ کا انتظام کیا جانا چاہیے۔اتر پردیش سے بی جے پی کے سریندر سنگھ ناگر نے ووٹ چوری کے اپوزیشن کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں سب سے پہلے 1952 میں کانگریس نے ووٹ چوری کا آغاز کیا تھا، جب 74 ہزار بیلٹ پیپرز کو باطل کر کے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو شکست دینے کی سازش رچی گئی تھی۔ مسٹر ناگر نے الزام لگایا کہ کانگریس نے جے بی کرپلانی کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا۔ انتخابات کے دوران پیسے کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ساڑیاں، دھوتیاں اور قمیضیں تقسیم کی گئیں۔ کانگریس کے دور میں الیکشن کمشنروں کو ریٹائرمنٹ کے بعد اعلیٰ عہدوں سے نوازا گیا۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version