ہومNationalپارلیمنٹ کا مانسون اجلاس آج سے شروع؛ ہنگامہ خیز ہونے کا امکان

پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس آج سے شروع؛ ہنگامہ خیز ہونے کا امکان

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

آپریشن سندور سے لے کر بہار انتخابات تک کئی مسائل پر سرکار کو گھیرے گا اپوزیشن

نئی دہلی، 20 جولائی:۔ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس سوموار 21 جولائی سے شروع ہوگا۔ 21 اگست تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں کل 21 اجلاس ہوں گے۔ اس دوران حکومت کی جانب سے کئی بل پیش کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی اپوزیشن نے مختلف ایشوز پر حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی بنائی ہے۔ تاہم 12 اگست سے 18 اگست کے درمیان کوئی میٹنگ طے نہیں کی گئی ہے۔ایک ماہ تک چلنے والے اس اجلاس میں اپوزیشن پارٹیاں پہلگام دہشت گردانہ حملہ، آپریشن سندور، ایئر انڈیا طیارہ حادثہ اور بہار اسمبلی انتخابات جیسے بڑے ایشوز پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔

اپوزیشن کے ایشوز
وہیں بی جے پی نے بھی ان مسائل پر بحث کا امکان ظاہر کیا ہے اور حکومت نے اپوزیشن کے سوالوں کا جواب دینے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ اس کے علاوہ بہار سے جڑے مسائل پر بھی سب کی نظریں ہوں گی۔ بہار میں اسمبلی انتخابات سے پہلے پارلیمنٹ کا یہ آخری اجلاس ہوگا۔ پچھلی بار پارلیمنٹ کی کارروائی مارچ اور اپریل میں بجٹ اجلاس کے دوران ہوئی تھی۔
پہلگام دہشت گردانہ حملہ
22 اپریل 2025 کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں ایک دہشت گردانہ حملے میں 26 بھارتی شہری مارے گئے۔ اپوزیشن اس حملے کے لیے قصوروار دہشت گردوں کی گرفتاری میں ناکام رہنے پر حکومت سے سوال کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اپوزیشن کا ماننا ہے کہ حکومت نے اس معاملے میں کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی ہے اس لیے اسے پارلیمنٹ میں اٹھانے کا منصوبہ ہے۔
آپریشن سندور اور خارجہ پالیسی
پہلگام حملے کے بعد بھارت نے پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن سندور شروع کیا۔ اس آپریشن کے دوران طیاروں کے نقصان اور جنگ بندی کرانے سے متعلق امریکی صدر ٹرمپ کے جنگ بندی کے دعوے پر حکومت سے جواب طلب کرنے کا منصوبہ ہے۔ کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے پارلیمنٹ میں اس پر بحث کا مطالبہ کیا ہے، جس میں آپریشن سندور اور بھارت کی خارجہ پالیسی پر بھی سوالات اٹھائے جائیں گے۔
ایئر انڈیا کا طیارہ حادثہ
12 جون 2025 کو، ایئر انڈیا کا ایک طیارہ احمد آباد میں گر کر تباہ ہوا، جس میں 260 افراد ہلاک ہوگئے۔ اپوزیشن اس حادثے کی وجہ اور تحقیقات پر بھی سوال اٹھائے گی۔ کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں اس معاملے پر حکومت کو گھیرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔
بہار انتخابات اور الیکشن کمیشن کے کام کاج پر سوالات
بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن کی طرف سے چلائی جا رہی ‘اسپیشل انٹینسیو ریویژن مہم ‘ پر بھی ہنگامہ ہونے کے آثار ہیں۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ الیکشن کمیشن اس عمل میں بے ضابطگیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں اس معاملے پر بی جے پی کو گھیرنے کی کوشش کریں گی۔
منی پور تشدد اور صدر راج
منی پور میں مئی 2023 سے اب تک تشدد جاری ہے۔ اس کے بارے میں کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتیں منی پور کا مسئلہ دوبارہ اٹھا سکتی ہیں اور ریاست میں صدر راج ہٹانے کا مطالبہ کر سکتی ہیں۔ ساتھ ہی، بی جے پی صدر راج کی مدت میں توسیع کی تجویز لا سکتی ہے۔
چین سرحدی تنازع اور بھارتی خارجہ پالیسی
بھارت اور چین کے درمیان سرحدی تنازع بھی اپوزیشن کے لیے ایک اہم مسئلہ بن سکتا ہے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ چین سے متعلق مودی حکومت کی پالیسی کمزور رہی ہے۔ اپوزیشن اس معاملے پر حکومت سے جواب طلب کر سکتی ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version